پشاور،لاہور،اسلام آباد،ریاض ، واشنگٹن، لندن، استنبول(92نیوزرپورٹ،سٹاف رپورٹر، نمائندہ خصوصی سے ،سپیشل رپورٹر،این این آئی) رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا ،آج ملک بھر میں پہلا روزہ ہے ۔ذرائع کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 17 سال بعد گزشتہ روز پشاور میں مرکزی چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت ہواجس میں چاند کی ملک بھر سے رویت کے حوالے سے فیصلہ کیاگیا۔ اجلاس میں زونل کمیٹیوں کی جانب سے چاند دیکھنے کی شہادتیں موصول ہونے کے بعد مولانا عبد الخبیر آزاد نے چاند نظر آنے کا اعلان کیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ اسلام آباد ،بدین ،سوات ،ما لا کنڈ ،لاہور ،کراچی اورملک کے دیگر علاقوں سے چاند دیکھے جانے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔ آج 14 اپریل بدھ کو پہلا روزہو گا ،انہوں نے پوری قوم کو رمضان المبارک کی مبارکباد دی۔ان کا کہنا تھا کہ ایک ہی روز رمضان کرنے سے پورے ملک مین وحدت کا پیغام ملا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 3 ماہ کی محنت کے بعد پورے پاکستان میں پہلا روزہ متفقہ طور پر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی کو بھی اجلاس میں شمولیت کی دعوت دی تھی اور ان کے نمائندے اجلاس میں شریک ہوئے ۔مولانا عبدالخبیر آزاد کا کہنا تھا کہ وہ ملک کے ہر شہر میں اجلاس منعقد کریں گے ، وہ گلگت بلتستان جائیں گے اور آزاد کشمیر بھی اجلاس منعقد کریں گے ۔چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں طویل عرصے بعد پوری قوم ایک دن روزہ رکھے گی اور انشاء اللہ عید بھی ایک ہی دن منائے گی۔لاہور میں اجلاس کی صدارت ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کی۔وزیراعظم عمران خان نے رمضان المبارک کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہاہے کہ میں رمضان المبارککی آمد پر پوریقوم اور ملت اسلامیہ مبارکباد پیشکرتاہوں،روزے کا مقصد انسان کے اندر پرہیزگاری اور ایثار و ہمدردی کے جذبات پیدا کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ علماء و مشائخ کی مشاورت سے رمضان المبارک میں نماز تراویح اور اعتکاف سے متعلق جن ایس او پیز پر اتفاق کیا گیا ہے رمضان المبارک میں ان پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہم سب کی انفرادی اور اجتماعی ذمہ داری ہے ۔رمضان المبارک کے اس با برکت مہینے میں ایثاراور ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہمیں ضرورت مندوں کا خصوصی خیال رکھنا ہے اور ناجائز منافع خوری و ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کی نشاندہی اور حوصلہ شکنی کرنی ہے ۔ ان مبارک گھڑیوں میں اللہ تعالی کے حضور دعا کرنی ہے کہ اللہ تعالی اپنا خصوصی فضل و کرم فرماتے ہوئے سارے عالم کو اس آزمائش سے نکالے ۔دریں اثنانیوزی لینڈ اور پیسفک جزیروں میں بھی آج پہلا روز ہ رکھا گیا ۔ ادھرذرائع کے مطابق وزارت پانی و بجلی نے ملک بھر میں بجلی کی ڈسٹری بیوشن کیلئے با اختیار بجلی کمپنیوں ڈسکوز کو سحر و افطار اور تروایح کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت کی ہے ۔لیسکو ذرائع کے مطابق بجلی چوری والے علاقوں میں 2 سے 7 گھنٹے یومیہ لوڈشیڈنگ ہو گی۔دریں اثنا سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے عالم اسلام پر زور دیا کہ وہ اختلافات اور فرقہ پرستی کو ختم کر کے حکمت اور دانش مندی کا مظاہرہ کریں اور اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں۔امریکی صدر جو بائیڈن ،بھارتی وزیراعظم نریندر مودی،کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو ،برطانوی وزیراعظم بورس جانسن اور مشہورِ زمانہ تاریخی سیریز ’ارطغرل غازی‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار انگین آلتان نے دنیا بھر کے تمام مسلمانوں کو رمضان کی مبارکباد دی ہے ۔ٹوئٹر پر انگریزی اور اردو زبان میں شیئر کیے گئے پیغام میں نریندر مودی نے کہا کہ رمضان ہمیں ضرورت مندوں اور غریبوں کی خدمت کا اہم پیغام دیتا ہے ۔