اسلام آباد ،لاہور ،کراچی ،ملتان(صباح نیوز) عید الفطر کی چھٹیاں ختم ہوتے ہی لوگوں کی بڑے شہروں کو واپسی کا سلسلہ شروع ہو گیا، ٹرانسپورٹرز نے بھی کرایوں میں 20 فیصد تک خود ساختہ اضافہ کر دیا ،سرکاری ادارے آج کھلیں گے ۔ مختلف علاقوں کے لوگ اور ملازمین کراچی، اسلام آباد اور لاہور سمیت مختلف شہروں میں کام یاملازمت کے سلسلے میں مقیم ہیں اور اسی لیے پردیسیوں کی روانگی کا سلسلہ شروع ہوتے ہی ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں بھی 20 فیصد تک خود ساختہ اضافہ کر دیا جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹرز اور مسافروں کے درمیان جھگڑے کے واقعات کے باوجود متعلقہ انتظامیہ نے چپ سادھ رکھی ہے ۔سیکرٹری آر ٹی اے پنجاب کا موقف ہے کہ کرایوں میں خود ساختہ اضافہ مسافروں کیساتھ زیادتی ہے اور اسی لئے مسافروں کا معاشی استحصال سے بچانے کیلئے کارروائیوں کا سلسلہ شروع کر دیا ، سرکاری دفاتر آج کھلیں گے ۔