اسلام آباد(نامہ نگار) چیئر مین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال سے چین کے سی سی آئی ڈی کے ڈائریکٹر جنرل چین گومینگ اور پاکستان میں چین کے سفیریائو جنگ نے ملاقات کی، نیب کا 6 رکنی وفد بھی ملاقات کے دوران موجود تھا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت قانونی امداد، حوالگی اور بدعنوانی کے خلاف اقوام متحدہ کے معاہدہ (یو این سی اے سی) اور استعدادکار کو بڑھانے کے لئے تربیت پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے ’’سب کے لئے احتساب‘‘ کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے پاکستان سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے نیب کے شاندارکردار کو اجاگر کیا جس کو معتبر قومی اوربین الاقوامی تنظیموں نے سراہا۔ چینی وفد نے چیئرمین نیب کی دانشمندانہ قیادت میں پاکستان سے کرپشن کے خاتمے کے لئے نیب کے پختہ عزم اور کوششوں کو سراہا۔ فریقین نے مستقبل میں بدعنوانی خاتمے کے لئے تمام شعبوں میں تعاون کا اعادہ کیا۔