اسلام آباد(نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک،92 نیوز رپورٹ،این این آئی)نیب ایگزیکٹو بورڈ نے توشہ خانے سے تحائف کی گاڑیاں اونے پونے تقسیم کرنے کے الزام میں سابق صدر آصف زرداری، سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی،خواجہ عبدالغنی مجید اورخواجہ انور مجید کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دیدی۔ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیر نیب ہیڈ کوارٹرز میں ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں ڈپٹی چیئرمین نیب، پراسیکیوٹر جنرل اکاؤنٹبیلیٹی، ڈی جی نیب آپریشنز ڈویژن اوردیگراعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ نیب بورڈ نے آصف زرداری،نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کیخلاف ریفرنس کی منظوری دیتے ہوئے کہا توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس میں 2 سابق وزرائے اعظم اور سابق صدر ،و دیگر کو نامزد کر دیا گیا ہے ، ملزمان نے توشہ خانہ سے تحائف کی گاڑیاں اونے پونے داموں تقسیم کیں جس سے قومی خزانے کوبھاری نقصان پہنچا۔نیب بورڈ نے سابق سفیر کامران شفیع اوربرطانیہ میں سابق ہائی کمشنر واجد شمس الحسن کے خلاف بد عنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری بھی دی ،ملزمان نے قواعد و ضوابط کو بالائے طاق رکھتے ہوئے قومی خزانے کو تقریباََ27 ہزارڈالرز اور 28 ہزار پاؤنڈز کا نقصان پہنچا۔اجلاس میں عبداﷲ علوی آنریری سیکرٹری سٹیٹ بینک آف پاکستان سٹاف کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی اور دیگر کیخلاف بد عنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی،ملزمان نے مبینہ طورپر عوام کو بڑے پیمانے پر دھوکہ دیا اور ان سے 7.8 ملین روپے ہتھیائے ۔ ایگزیکٹو بورڈ نے 4انوسٹی گیشنزکی منظوری بھی دی جن میں نشاط چونیاں پاور لمیٹڈ افسران و اہلکاران، نیپرا اینڈ سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی اور دیگر، محکمہ صحت سندھ کے افسران و اہلکاران،ممبران پروکیور کمیٹی ، پروگرام منیجرز ہیپاٹائٹس پریوینشن اینڈ کنٹرول پروگرام حکومت سندھ اور دیگر، رحمت بلوچ وزیر صحت بلوچستان اور دیگر، اعجازجاکھرانی سابق ایم این اے ضلع جیکب آباد اور دیگرکے خلاف انوسٹی گیشنز شامل ہے ۔ اجلاس میں9 انکوائریوں کی منظوری دی گئی جن میں سیف سٹی پراجیکٹ اسلام آباد کی انتظامیہ،ٹی ای پی اے ،ایل ڈی اے کے افسران و اہلکاران اور دیگر،محمد رمضان اعوان سابق سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ اور دیگر، ایکسین محمد عاشق ، پراجیکٹ ڈائریکٹر محمد ریاض گیپکو گوجرانوالا اور دیگر، بینک آف خیبر پشاورکے افسران و اہلکاران اوردیگر ، سردار عاشق حسین خان گوپانگ رکن قومی اسمبلی ، جاوید اقبال پٹواری علی پور مظفر گڑھ اور دیگر،میسرزٹیچنگ ہاسپٹل سینئرپرچیز آفیسرز/آفیشلز آف ٹیچنگ ڈی ایچ کیو ہاسپٹل ڈی جی خان فارمیسی سپلائرز اور دیگر، شوکت بسراسابق ایم پی اے / پارلیمینٹری سیکرٹری پنجاب، ہارون آباد بہاولنگر اور دیگر ، میسرز عبداﷲ شاہ غازی شوگرملز لمیٹڈ کے مالکان /ڈائریکٹرز اور دیگرشامل ہیں۔نیب بورڈ نے سی ڈی اے کے افسران و اہلکاران اور دیگرکے خلاف انکوائری قانونی کارروائی کے لئے سی ڈی اے ،شکیل احمد سابق ڈی جی پارکس اینڈ ہاٹی کلچر اتھارٹی لاہوراور دیگرکے افسران و اہلکاران کے خلاف انکوائری چیف سیکرٹری پنجاب ،این جی اوز SDPI ،فافین، ایف اے او اور دیگرکے خلاف انکوائری وزارت داخلہ ، فاٹا رورل پروگرام پراجیکٹ کے افسران /اہلکاران ،ڈائریکٹریٹ آف ایجوکیشن اور دیگرکے خلاف انکوائری متعلقہ محکمہ ، سیدعارف خان، ڈائریکٹر میسرز کینال ویو پشاور اور دیگر کے خلاف انوسٹی گیشن پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کوقانونی کارروائی کے لئے بھجوانے کی منظوری دی ۔اجلاس میں پنجاب تھرمل پاور پرائیویٹ لمیٹڈ کے افسران و اہلکاران اور دیگر، فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ ڈویلپمنٹ انتظامیہ کے اہلکاران /افسران اور دیگر، لاہور نالج پارک کمپنی کی انتظامیہ کے اہلکاران /افسران اور دیگر کے خلاف انکوائری عدم شواہد کی بنیاد پربند کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس سے خطاب میں چیئر مین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہامیگاکرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا اولین ترجیح ہے ،غیر قانونی ہائوسنگ/ کوآپریٹو سوسائٹیز سے قوم کی لوٹی گئی رقوم کی واپسی کے لئے قانون کے مطابق اقدامات کئے جارہے ہیں۔