لاہور،ملتان،شجاع آباد، وزیرآباد ( کرائم رپورٹرز،) چوہنگ میں ملزمان کی خاتون اور شجاع آباد میں ڈاکوئوں کی دلہن سے اجتماعی زیادتی جبکہ وزیرآباد میں بھی لڑکی جنسی درندگی کے بعد جاں بحق ہو گئی ۔ تفصیلات کے مطابق ساندہ کی رہائشی خاتون گھر سے باہر کسی کام سے گئی تو دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار افراد جہانگیر ، شکیل بٹ، میاں آصف ،رفاقت شاہ نے اسے زبردستی اغوا کرلیا اور شاہ پور چوہنگ کے علاقے میں ایک ڈیرے پر لے گئے جہاں پر پہلے سے بابا سجاول اور دو نامعلوم افراد موجود تھے جنہوں نے اسے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا اور حالت غیر ہونے پر خاتون کو بے ہوشی کی حالت میں سڑک پر پھینک کر فرار ہوگئے ۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے ۔ پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ادھر شجاع آباد کے علاقے موچی پورہ میں شادی والے گھر میں ڈکیتی اور دلہن سے مبینہ اجتماعی زیادتی کا افسوسناک واقع پیش آیا ۔ اہل خانہ کے مطابق 4 میں سے 3 ڈاکوؤں نے پولیس وردی پہنی ہوئی تھی ، ڈاکو دولہا پر مبینہ تشدد بھی کرتے رہے اور دلہن سے مبینہ اجتماعی زیادتی کرنے کے بعد 5 تولہ سونا اور سوا لاکھ روپے نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے ۔ریجنل پولیس آفیسر سید خرم علی نے معاملہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے ۔ دریں اثنا وزیرآباد کے علاقہ دھونکل کے رہائشی شناور جوندہ ولد محمد ارشد جوندہ کے ڈیرہ پر لاڑکانہ کا رہائشی ملازم محمد فیاض بھینسوں کو چارہ ڈالنے کا کام کرتا ہے ، ملزم فیاض نے اسی ڈیرہ پر ایک اور ملازم کی چچا زاد بہن کو ڈیرہ کے قریب لے جا کر زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا جس کے بعد 15سالہ لڑکی کی حالت بگڑ گئی ۔ ملزم نیم بے ہوشی کی حالت میں لڑکی کو رات کے پچھلے پہر تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال لے جا رہا تھا کہ پولیس نے دھر لیا ، لڑکی کو فوری ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں زیادتی کی وجہ سے موت کی تصدیق ہو گئی ۔پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا۔