کوئٹہ ،چمن،اسلام آباد(92 نیوزرپورٹ،خصوصی نیوز رپورٹر،سپیشل رپورٹر،نیوز ایجنسیاں) ضلع چمن کے علاقے مرغی بازار میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 7افراد شہید اور 14 زخمی ہوگئے ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان ،چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی ،بلاول بھٹو زرداری ودیگر رہنمائوں نے واقعہ کی مذمت کی ہے ۔ بتایا گیاہے کہ جمعہ کو بلوچستان کے ضلع چمن کے علاقے ساجد مہمند روڈ پر جمعیت علمائے اسلام نظریاتی کے رہنما قادر لونی کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں7 افراد شہید ہوگئے ، دھماکے میں متعدد افراد زخمی ہوئے جن میں بعض کی حالت نازک ہے ریسکیوذرائع کے مطابق جے یو آئی کے تحت فلسطین کی حمایت اور اسرائیل کے خلاف ریلی کا انعقاد کیا گیا تھا، ریلی کے اختتامی مقام پر مبینہ طور پر موٹرسائیکل میں نصب دھماکہ خیز مواد کو ریموٹ کنٹرول کے ذریعے اڑا دیا گیاجس کے نتیجے میں دو افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوئے ریسکیو کے مطابق دھماکے میں جے یو آئی نظریاتی کے رہنما قادر لونی محفو ظ رہے تاہم معمولی زخم آئے ۔حکومتِ بلوچستان کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک جاری بیان میں بتایا کہ مرغی بازار چمن میں جمعیت علمائے اسلام نظریاتی کی جانب سے یومِ یکجہتی فلسطین کے سلسلے میں ریلی نکالی جارہی تھی جس کے قریب دھماکہ ہوا۔انہوں نے بتایا کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے 10 افراد کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال چمن اور کچھ کو علاج معالجے کے لیے کوئٹہ منتقل کردیا گیا ۔ ترجمان بلوچستان حکومت نے دھماکے کی مذمت اور شہید افراد کے لیے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے بھی چمن میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں،چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے صوبہ بلوچستان کے علاقے چمن میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی حکومت ، سیکورٹی اداروں ، عوام اور پارلیمان کا عزم غیر متزلز ل ہے ۔ڈپٹی چیئرمین سینٹ سینیٹر مرزا محمد آفرید ی ، قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم اورقائد حزب اختلاف سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی،پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ،زیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب ، حافظ حسین احمد ، چیئر مین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی،سینیٹر شیری رحمان،سابق ڈپٹی چیئر مین سینٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے واقعہ کی مذمت کی اور کہا ہے کہ تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر دہشتگردی کے خلاف متحد ہونا قومی فریضہ ہے ۔ مظلوم فلسطینیوں کے حق میں نکلے والی ریلی پر حملہ بزدلانہ سوچ ہے مسلح افواج اور سکیورٹی فورسز دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے دن رات کام کررہی ہیں دکھ اور غم کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں،شہداکے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہیں،اللہ تعالی شہداکے خاندانوں کو صبر جمیل عطائفرمائے ۔