لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز کیلئے ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی ہے ۔قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اور جنوبی افریقہ کے کپتان کوئنٹن ڈی کوک نے ٹرافی کے ساتھ فوٹوسیشن بھی کرایا۔دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ آج کھیلا جائے گا ۔ کورونا کے پیش نظر تقریب کو انڈور کیا گیا۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ آج سے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا جس کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔نیشنل سٹیڈیم کراچی 14 سال بعد پاک جنوبی افریقہ ٹیسٹ کی میزبانی کرے گا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے ایک سے دو کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کیپ دی جائے گی۔عمران بٹ اور ساجد خان کو پہلے ٹیسٹ میں شامل کئے جانے کا امکان ہے ۔ متوقع ٹیم میں عابد علی، عمران بٹ، اظہر علی، بابر اعظم، فواد عالم، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی، فہیم اشرف، حارث رؤف، یاسر شاہ اورساجد شاہ شامل ہیں۔ کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ان کے کھلاڑیوں نے میچ کے لئے بھر پور تیاری کی ہے ۔کوچز نے کھلاڑیوں کے ساتھ بڑی محنت کی ہے ۔خاص طور پرفیلڈنگ میں کافی محنت کی ہے اور امید ہے کہ ہوم سیریز میں جیت سے آغاز کریں گے ۔ ورچوئل پریس کانفرنس میں بابراعظم نے کہا کہ پاکستان ٹیم کا انحصار صرف مجھ پر نہیں ہے ، سب مل کر ہی پرفارم کرتے ہیں۔ ٹیم گزشتہ سیریز کی کارکردگی بھول کر جنوبی افریقہ کے ساتھ سیریز کھیلے گی۔جنوبی افریقہ ٹیم کے کپتان کوئنٹن ڈی کوک اور ہیڈ کوچ باؤچر نے کہا کہ انہیں معلوم ہے کہ پاکستان کا باؤلنگ اٹیک اچھا ہے اور انہیں سپنرز کا چیلنج درپیش ہو گا تاہم وہ اس کے لئے تیار ہیں ۔