اسلام آباد،کراچی (وقائع نگار،خصوصی نیوز رپورٹر،سٹاف رپورٹر ) چین کی کمپنی ایم سی سی انٹرنیشنل ان کارپوریشن لمیٹڈ نے پاکستان سٹیل ملز کی بحالی، اسے آپریشنل بنانے اور سرکاری اور نجی شعبے کی شراکت داری کی بنیاد پر پاکستان سٹیل ملز کی استعداد کار میں بہتری کی پیشکش کی ہے ۔چینی وفد نے یہ پیشکش وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ سے ملاقات میں کی۔ وفد نے ایم سی سی انٹرنیشنل کارپوریشن لمیٹڈ کے نائب صدر وانگ ژو کی قیادت میں مشیر خزانہ سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے چینی وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے امکانات اور مواقع کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے ملک میں تجارت اور کاروبار کو آسان بنانے کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں جبکہ چائنہ ریلوے کمپنی نے سندھ حکومت سے رابطہ کرکے کے سی آرمنصوبے میں دلچسپی ظاہرکردی ہے ۔سندھ کے وزیرٹرانسپورٹ اویس قادرشاہ سے چائنہ ریلوے کمپنی اورنورینکوانٹرپرائززنے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ملاقات میں کراچی سرکلر ریلوے پرتبادلہ خیال کیاگیا۔اویس قادرشاہ کاکہناتھاکہ چائنہ ریلوے کمپنی کے سی آرمنصوبہ مکمل کرنے میں تکنیکی معاونت دینے کوتیارہے ۔