نیپئر(سپورٹس ڈیسک)انگلینڈ نے ڈیوڈ میلان اور اوئن مورگن کی شاندار بیٹنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کو چوتھے ٹی 20 انٹرنیشنل میں 76 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر کر دی، انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ریکارڈ 241 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، ڈیوڈ میلان اور اوئن مورگن نے 182 رنز کی شراکت قائم کرکے تاریخ رقم کی، میلان نے 104 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، مورگن 91 رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔نیوزی لینڈ پہاڑ جیسا ہدف حاصل نہ کر سکی اور پوری ٹیم 16.5 اوورز میں 165 رنز بناکر آئوٹ ہوئی، ٹم سائودی 39 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے ، میٹ پارکنسن نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، ڈیوڈ میلان مرد میدان قرار پائے ۔ نیوزی لینڈ کے کپتان ٹم سائودی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا، انگلینڈ نے ڈیوڈ میلان اور کپتان اوئن مورگن کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بنائے ، انگلینڈ کا یہ ٹی 20 انٹرنیشنل میں سب سے بڑا مجموعہ ہے ، پہلی دو وکٹیں جلد گر جانے کے بعد ڈیوڈ میلان اور مورگن انتہائی عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 74 گیندوں پر 182 رنز کی شراکت قائم کر کے تاریخ رقم کی، چوتھی وکٹ میں یہ ٹی 20 انٹرنیشنل کی سب سے بڑی شراکت ہے ، ڈیوڈ میلا ن نے انگلینڈ کی طرف سے تیز ترین سنچری بنانے کا اعزاز اپنے نام کیا۔