لاہور (خصوصی نمائندہ،این این آئی)سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی ایم این اے سے اعلیٰ امریکی سفارتکاروں نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جن میں اسلام آباد میں امریکی سفارتخانہ کے منسٹر قونصلر پولیٹیکل افیئرز مسٹر ٹیری سٹیئرز گونزالیز ، امریکی قونصلیٹ لاہور کے پولیٹیکل اینڈ اکنامک چیف مسٹر بیری جنکراور قونصل خانہ کی پولیٹیکل اینڈ اکنامک سپیشلسٹ صدف سعد شامل تھیں۔ سیاسی و اقتصادی امور سے متعلقہ ان امریکی سفارتکاروں نے موجودہ سیاسی امور کے علاوہ اقتصادی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جبکہ باہمی دلچسپی کے دیگر امور کے علاوہ خطہ کی صورتحال باالخصوص پاک بھارت تعلقات اور افغان امور پر بھی بات ہوئی۔ سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ دونوں ملکوں میں دیرینہ تعلقات کے پس منظر میں باہمی رابطے اور تجارت کے علاوہ شعبہ جاتی اور عوامی سطح پر وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلوں کی ضرورت ہے ۔