ملتان‘ سمہ سٹہ (خبر نگار‘ نامہ نگار) 15 چولستان ڈیزرٹ جیپ ریلی میں دفاعی چیمپئن میر نادر مگسی اپنے ٹائٹل کا دفاع کرنے میں کامیاب ہو گئے ،سٹاک کیٹگری میں راشد گورائیہ نے چولستانی میلہ لوٹ لیا جبکہ خواتین کیٹگری میں ٹشنا پٹیل نے پہلی پوزیشن حاصل کی، پہلی بار انعقاد کی گئی ہیوی بائیک ریس کا میلہ لاہور سے تعلق رکھنے والے معین خان نے لوٹ لیا تفصیلات کے مطابق 15 ویں چولستان ڈیزٹ جیپ ریلی کا میلہ میر نادر مگسی نے لوٹ لیا ۔ دفاعی چیمپئن میر نادر مگسی نے 466 کلومیٹر پر محیط طویل ٹریک مجموعی طور پر دو مرحلوں میں چار گھنٹے 55 منٹ میں طے کیا اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے ریسرر آصف فضل چوہدری نے دوسری جبکہ زین محمود نے تیسری پوزیشن حاصل کی سٹاک کیٹگری بی میں راشد گورائیہ نے پہلی پوزیشن حاصل کی ، راشد گورائیہ نے 220 کلومیٹر کا ٹریک دو گھنٹے بیالیس منٹ اور دس سیکنڈ میں طے کیا ، سلطان بہادر اور منصور عباس نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی , چولستان جیپ ریلی کی سٹاک سی کیٹگری میں رضا سعید فاتح قرار پائے , رضا سعید نے 220 کلومیٹر کا ٹریک دو گھنٹے پچاس منٹ میں طے کیا، سٹاک سی کیٹگری میں سعید شہوانی اور سید مبین بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے , خواتین کیٹگری میں تشنا پاٹیل بھی اپنے ٹائٹل کا دفاع کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی , پہلی بار ریلی میں شرکت کرنے والی خاتون ریسرز ماہم قریشی نے دوسری اور سلمی خان مروت نے تیسری پوزیشن حاصل کی , جیتنے والے ڈرائیورز میں انعامات تقسیم کیے گئے ۔ریس کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ، بڑی تعداد میں شائقین ریلی کو دیکھنے کے لیے پہنچ گئے , چھٹی کے دن ریلی کو دیکھنے کے لیے شہریوں کا سمندر امڈ آیا , ریلی میں پیراگلیڈنگ کا بھی شاندار مظاہرہ کیا گیا ۔سکیورٹی کے سخت انتظامات , پاک فوج کے جوان، رینجرز ،ٹریفک وارڈنز اور پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے ۔