لاہور(وقائع نگار) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ چونیاں میں معصوم بچوں کے قتل کے اندوہناک واقعہ پر دلی دکھ اوررنج ہوا ہے اورغمزدہ خاندانوں کو انصاف دلانا حکومت کی ذمہ داری ہے اورحکومت یہ ذمہ داری ہر صورت نبھائے گی اورمتاثرہ خاندانوں کوہرقیمت پر انصاف فراہم کیاجائے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملزمان کی جلد سے جلد گرفتاری کیلئے انسپکٹر جنرل پولیس کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں اوراس کیس کو جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اورانصاف کے تمام تقاضے پورے کریں گے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ پولیس کی غفلت جہاں بھی ہوئی اس پر سخت ایکشن ہوگا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی ہدایت پرصوبائی وزراء ہاشم ڈوگر اور سردار آصف نکئی نے چونیاں میں مقتول بچوں کے گھر جا کر غمزدہ خاندانوں سے ملاقات کی اورافسوسناک واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔دریں اثنا وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر میں ڈینگی لاروا کی ہنگامی سرویلنس کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیمیں ڈینگی لاروا کی تلاش کیلئے بھرپور کاوشیں کریں اورڈینگی کے خاتمے کیلئے تمام تر میسر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے کہاکہ دن رات کوشش کر کے پنجاب سے ڈینگی کا خاتمہ کریں گے ۔وزیراعلیٰ نے صوبائی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت کی کہ سرکاری ونجی عمارتوں کی بھرپور سرویلنس کر کے ڈینگی لاروا کا خاتمہ کیا جائے ۔ٹائر شاپس اورقبرستانوں میں بھی مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے ۔