لاہور،کراچی،اسلام آباد(اپنے نیوز رپورٹر سے ،سٹاف رپورٹر،92 نیوزرپورٹ،آن لائن) احتساب عدالت لاہور کے جج چودھری امیر محمد خان نے چودھری شوگر ملز کیس میں سابق وزیر اعظم نوازشریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی جبکہ قائد ن لیگ کے بھتیجے یوسف عباس کے جوڈیشل ریمانڈ میں 6 دسمبر تک توسیع کردی۔دوران سماعت مریم نواز کو عدالت پیش کیا گیا، عدالت نے حکم دیا مریم نواز ریفرنس فائل ہونے کے بعد ٹرائل کا سامنا کریں گی۔ نیب پراسیکیوٹرنے مریم نواز کی حاضری سے استثنیٰ پر اعتراض کیا ۔دوران سماعت جج امیر محمد خان کے روبرو خواتین وکلا نے پولیس کے بد ترین رویے کی شکایت کی اور کہا جج صاحب خواتین نے بہت دھکے کھائے پھر کمرہ عدالت میں آنے دیا گیا۔پیشی کے موقع پر لیگی کارکنان کو جوڈیشل کمپلیکس کے گیٹ پر کھڑا ہونے سے روک دیا گیا جس پر کارکنان اور پولیس کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔آن لائن کے مطابق لیگی وکلا نے کمرہ عدالت میں داخل ہونے کی کوشش کی، پولیس اہلکاروں نے انہیں روکا تو لیگی وکلا پولیس اہلکاروں کو گریبان سے پکڑکو دھمکیاں دیتے رہے ۔ احتساب عدالت کراچی نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں گرفتارسابق صدر آصف زرداری کے قریبی ساتھی چیئرمین اوورسیز ہاؤسنگ سوسائٹی اور سابق ایم ڈی پی آئی اے اعجاز ہارون کو چار روزہ راہداری ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا،نیب حکام نے ملزم کو اسلام آباد منتقل کردیا،انہیں آج احتساب عدالت راولپنڈی میں پیش کیا جائیگا۔دوران سماعت عدالت نے ملزم سے استفسار کیا کہ آپ پر نیب نے تشدد تو نہیں کیا۔ ملزم اعجاز ہارون نے کہا مجھ پر کوئی تشدد نہیں کیا گیا ،میں نے نیب سے مکمل تعاون کیا، جب بھی مجھے بلایا گیا میں پیش ہوا،پتہ نہیں مجھے کیوں گرفتار کیا گیا۔ احتساب عدالت لاہور کے ایڈمن جج چودھری امیر محمد خان نے شریف فیملی کے لیے منی لانڈرنگ میں ملوث ملزم نثار احمد کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 14 روز توسیع کر دی۔ ملزم نے شہبازشریف، حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کے اکاؤنٹ میں بھاری رقم ٹرانسفر کی۔ احتساب عدالت لاہور کے جج امجد نذیر چودھری نے لاہور پارکنگ کمپنی کرپشن کیس کی سماعت 4 دسمبر تک ملتوی کرکے آئندہ سماعت پر مزید گواہان کو طلب کر لیا،عدالت میں گزشتہ روز ایک گواہ اور لیگی رہنما حافظ نعمان سمیت تین ملزمان پیش ہوئے ، نیب پراسیکیوٹر کے مطابق ملزمان حافظ نعمان، تاثیر احمد اور عثمان قیوم کے خلاف 8 کروڑ کا ریفرنس دائر کیا جا چکا ہے ۔