لاہور(انور حسین سمرائ) پنجاب حکومت نے وزیر اعظم کی کفایت شعاری اور سادگی پالیسی کے باوجود چیئرمین پنجاب سروسز ٹریبونل کے لئے 39لاکھ سے نئی لگژری گاڑی خریدنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب نے وزیر اعلی پنجاب کو ایک سمری بھجوائی جس میں چیئرمین پنجاب سروسز ٹربیونل کے لئے نئی 1800 سی سی گاڑی خریدنے کے لئے 39لاکھ8ہزار کا ضمنی بجٹ ایڈونس میں فراہم کرنے کے لئے درخواست کی گئی تھی۔محکمہ خزانہ پنجاب نے نئی گاڑی کی خریداری کی تجویز کو منظور کرتے ہوئے متنبہ کیا کہ کسی بھی محکمے کو ضمنی بجٹ لینے سے گریز کرنا چاہئے کیونکہ کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ نے اس پرضمنی بجٹ کی فراہمی کے لئے سخت پالیسی اپنانے کے احکامات جاری کئے ہوئے ہیں۔ایوان وزیر اعلیٰ ذرائع کے مطابق محکمہ خزانہ کی طرف سے منظوری کے بعد وزیر اعلی پنجاب نے چیئرمین پی ایس ٹی کے لئے لگژری گاڑی خریدنے کی اجازت دے دی ہے ۔محکمہ خزانہ کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ پی ایس ٹی میں ایک چیئرمین اور چھ ممبران کام کرتے ہیں جن کے لئے 2017میں8نئی گاڑیاں خریدی تھی جن میں چیئرمین کے لئے آٹومیٹک گاڑی خریدی گئی تھی ۔ قواعد کے مطابق چیئرمین سمیت تمام ممبران کے لئے ایک گاڑی سرکاری طور پر استعمال کرنے کا استحقاق رکھتے ہیں جبکہ چیئرمین کے پاس دو گاڑیاں ہیں( ایک ٹورنگ کے لئے دوسری عام استعمال کے لئے ) جبکہ تیسری نئی خریدی جارہی ہے ۔