ملتان، کراچی ( خبرنگار، مانیٹرنگ ڈیسک)ادارہ شماریات نے مہنگائی کی ہفتہ وار رپوٹ جاری کردی جس کے مطابق گزشتہ ہفتہ کے دوران مہنگائی کی شرح میں5.03فیصد اضافہ ہوا، ملک بھر سے 53اشیاء کی قیمتوں کا تقابلی جائزہ لیا گیا،15کی قیمت میں اضافہ‘8میں کمی اور30اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں ،گزشتہ ہفتہ کے دوران لوکل کال‘چکن فارمی‘ہائی سپیڈ ڈیزل‘ پٹرول‘ مٹی کا تیل‘ سگریٹ‘انڈے فارمی‘گندم‘ سرخ مرچ پسی ہوئی ‘خشک دودھ‘ ادرک‘دال مونگ‘ گھی پیکٹ والا‘دال ماش اور آلو کی قیمتوں میں اضافہ‘ٹماٹر‘ ایل پی جی سلنڈر‘پیاز‘ کیلا‘گڑ‘ آٹے کا تھیلا‘ چینی اور دال چنا کی قیمت میں کمی جبکہ چاول باسمتی ٹوٹا‘چاول اری6 ‘بریڈ پلین‘بڑا گوشت‘مٹن ‘تازہ دودھ‘دہی‘ سرسوں کا تیل‘کوکنگ آئل‘ گھی ٹن پیک‘دال مسور‘ نمک‘چائے کی پتی‘گوشت پلیٹ‘ دال پلیٹ‘چائے کی پیالی‘کپڑا‘ شرٹ ‘لان سوٹ‘جارجٹ سوٹ‘مردانہ و زنانہ جوتے ‘بجلی و گیس چارجز‘جلانے کی لکڑی‘ بلب‘صابن‘ ماچس کی قیمتیں مستحکم رہی۔ مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق ملک میں مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ، ایک ماہ کے دوران مہنگائی بڑھنے کی شرح 2.5 فیصد رہی۔ادارہ شماریات کے مطابق اکتوبر 2017 کی نسبت 2018 میں مہنگائی کے بڑھنے کی شرح 7 فی صد رہی۔رواں مالی سال جولائی تا اکتوبر گزشتہ سال کی نسبت مہنگائی5.95 فی صد بڑھی۔ ایک سال میں گیس کی قیمت میں 105 فی صد اضافہ ہوا۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک سال میں بسوں کے کرائے 50 فی صد زیادہ ہوئے ۔ ڈیزل 34 ، مٹی کا تیل 31 ، مرغی 28 اور گیس سلنڈر 26 فی صد مہنگا ہوا۔