اسلام آباد (اے پی پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ چھاتی کے سرطان کو کم کرنے کیلئے بروقت آگاہی مہم اور احتیاطی تدابیر ضروری ہیں، ذرائع ابلاغ، سوشل میڈیا اور علماء چھاتی کے سرطان کی آگاہی مہم میں حکومت کا ساتھ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں ایوان صدر میں چھاتی کے سرطان کی آگاہی مہم کا باقاعدہ آغاز کرنے کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کے آغاز پر ایوان صدر کو گلابی رنگ سے روشن کیا گیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ کالجوں اور یونیورسٹیوں میں اس حوالے سے بھرپور آگاہی مہم ناگزیر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں چھاتی کے سرطان میں مبتلا ہونے والی خواتین کی عمر 70 اور 80 برس جبکہ پاکستان میں 40 اور 50 کے درمیان ہے جو تشویشناک ہے ۔ صدر نے کہا کہ جب تک معاشرے میں عورتوں کو ان کا حق نہیں دینگے وہ معاشرے میں مستحکم نہیں ہو سکتیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت کی اہلیہ اور’’پنک ربن‘‘ کی پیٹرن انچیف بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا کہ ہر سال ہزاروں خواتین بروقت تشخیص اور آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے اس مہلک مرض سے اپنی زندگیوں سے محروم ہوجاتی ہیں۔ تقریب میں وزیر اعظم کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان، پاک فوج کی سرجن جنرل لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر خان، طبی ماہرین ، پنک ربن اور دیگر غیرسرکاری تنظیموں سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔ ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا دنیا کے دیگر ملکوں کے مقابلے میں پاکستان میں چھاتی کے سرطان میں مبتلا خواتین کی تعداد زیادہ ہے ۔ لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس طرح کی مہم چلانے کی ضرورت ہے ۔تقریب کے موقع پرایوان صدر، پارلیمنٹ ہاؤس، وزیراعظم آفس اور دارالحکومت اسلام آباد کی دیگر اہم عمارتوں کو گلابی رنگ سے روشن کیا گیا۔