لاہور(جنرل رپورٹر )کینسر کیئر ہسپتال کے تعاون سے اخوت ہیلتھ سروسز میں خواتین میں چھاتی کے کینسر سے آگاہی کیلئے دو روزہ فری میمو گرافی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ کیمپ کا افتتاح سماجی رہنمارئیسہ اظہار اور ڈاکٹر عصمت لغاری نے کیا۔ کیمپ میں پہلے چالیس سال سے زائد عمر کی 70سے زائد خواتین کی میمو گرافی کی گئی ۔اس موقع پر رئیسہ اظہار اور ڈاکٹر عصمت لغاری نے کہا کہ اس دور میں عوام کیلئے اتنی بڑی مفت سہولت مہیا کرنا بہت بڑا نیکی کا کام اور صدقہ جاریہ ہے ۔ انہوں نے اخوت ہیلتھ سروسز اور کینسر کیئر ہسپتال کی کاوشوں کو سراہا ۔ ڈاکٹر افشین سہیل نے بتایا کہ ایشیاء اور خاص طور پر پاکستان میں خواتین میں چھاتی کا کینسر بڑی تیز ی سے پھیل رہا ہے اور بروقت تشخیص نہ ہونے کی وجہ سے بہت سی خواتین موت کے منہ میں چلی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہ اکہ اگر اس موذی مرض کی بروقت تشخیص ہو جائے تو اس کا علاج ممکن ہے ۔لیکن وسائل کے نہ ہونے کی وجہ سے متعدد خواتین اس سے محروم رہتی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ بچوں کو دودھ نہ پلانے والی ماؤں کو اس بیماری میں زیادہ مبتلاہونے کا خطرہ ہوتا ہے جبکہ چالیس سال کے بعد ہر خاتون کو دو سال بعد میمو گرافی کرانا ضروری ہے ۔