اسلام آباد،راولپنڈی(92 نیوز رپورٹ ، رپورٹر92 نیوز)پابندی کے باوجود وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف حصوں میں بسنت جاری رہی،چھتوں سے بوکاٹاکے نعرے بلندہوتے رہے ، اونچی آوازمیں میوزک اوروقفے وقفے سے آتشبازی بھی جاری رہے ۔وفاقی پولیس پتنگ بازوں کیخلاف کارروائی کے بجائے سوتی رہی۔ادھرراولپنڈی پولیس نے پتنگ بازوں کیخلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے مزید15 پتنگ بازوں کو گرفتارکرکے سینکڑوں پتنگیں اور ڈوریں برآمد کرلیں۔ تھانہ نیو ٹائون پولیس نے اکرام، سہیل،واصف اور احسن سے 25پتنگیں اور3ڈوریں برآمد کرلیں،تھانہ صادق آباد پولیس نے سہیل، حارث، اویس،ثقلین،ساجد،اظہر،اشفاق اور سہیل سے 124پتنگیں اور9ڈوریں برآمد کیں۔تھانہ وارث خان پولیس نے نذیر احمد کوگرفتارکرکے 10پتنگیں اورڈور برآمدکیں۔تھانہ وارث خان پولیس نے بسنت پر ہوائی فائرنگ کرنے والے 3ملزمان راحیل، اویس اور احمد ندیم کوگرفتارکرکے اسلحہ معہ ایمونیشن برآمد کرلیا۔ایس پی راول کا کہنا تھا کہ ہوائی فائرنگ کرنے والوں کی ویڈیوز کے ذریعے شناخت کی جا رہی ہے ، جن کے خلاف قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔ویسٹریج پولیس نے ابراہیم اور اویس کو گرفتارکرکے 25پتنگیں اور2ڈوریں برآمدکیں۔ایس ایچ او سول لائن اور ایس ایچ او ائیر پورٹ نے پولیس ٹیموں کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے سامان آتش بازی لے جاتے ہوئے 3ملزمان دلاور، انور اور عماد کو گرفتار کرلیا۔ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرلئے گئے ۔سی پی او احسن یونس نے ڈویژنل ایس پیز ،متعلقہ ایس ایچ اوز اورپولیس ٹیموں کو شاباش دیتے ہوئے کہاکہ پتنگ بازوں اورپتنگ فروشوں اورہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف کاروائیوں میں مزیدتیزی لائی جائے ۔