کراچی، اسلام آباد (کامرس رپورٹر،خصوصی نیوز رپورٹر،این این آئی)وزارت خزانہ نے چھوٹے اور درمیانے کاروبار کے لیے 30 ارب روپے کی سبسڈی دینے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (ایس ایم ایز) کو 30 ارب روپے سبسڈی دی جائے گی جو بینکوں کے ذریعے قرضے کی صورت میں ادا کی جائے گی۔وزارت خزانہ اورسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملازمین کی تنخواہوں کو روزگار سے نہ نکالنے کی یقین دہانی پر قرضہ دیا جائے گا لیکن یہ ان ایس ایم ایز کو دیا جائے گا جن کا ٹرن اوور 2 ارب روپے تک ہے ۔ چھوٹے اور درمیان کاروبار کو اگلے تین ماہ کے تنخواہوں کے اخراجات بھی فراہم کئے جائیں گے ۔ یہ اقدام سٹیٹ بینک کی ری فنانس سکیم کے تحت اٹھایا گیا ہے جس کا مقصد پرائیویٹ بینکوں کے ساتھ رسک شیئرنگ کرنا ہے اور اس سکیم کی مانیٹرنگ بھی سٹیٹ بینک کرے گا۔وزارت خزانہ کے مطابق اس اقدام کے تحت وفاقی حکومت بینکوں کے اصل قرض کا 40 فیصد نقصان خود برداشت کرے گی۔دریں اثنا وزارت ِخزانہ اور سٹیٹ بینک نے ایس ایم ایز اور چھوٹے کاروبار کے لئے بینکوں کے قرض کا رِسک شیئرنگ مکینزم متعارف کرادیا۔بینکوں کو رِسک کوریج فراہم کرنے کے لیے وزارت خزانہ کی جانب سے سبسڈ ی کی فوری منظوری سے سٹیٹ بینک کے لیے ممکن ہوگیا ہے کہ یہ کریڈٹ رسک شیئرنگ سہولت شروع کرسکے جس کے لیے متعلقہ سرکلر اجاری کیا گیا ،سٹیٹ بینک سکیم پر عملدرآمد کی نگرانی کرتا رہے گا۔