اسلام آباد (ملک سعیداعوان ) ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے چین نے پاکستان کی معاونت کی حامی بھر لی ، تکینکی معاونت کے علاوہ 47لاکھ ڈالر کی گرانٹ دے گا ، گرانٹ کی رقم سے ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے ادویات ، سپرے میں ٹیکنیکل معاونت اور سپرے کرنے والے جہاز ملیں گے ۔ وزارت قومی تحفظ خوراک کے ذرائع کے مطابق چین ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے پاکستان کی معاونت کرنے کے لئے تیار ہو گیا ہے اور اس کی 8رکنی ماہرین کی ٹیم دورہ پاکستان پرہے ۔ ماہرین کی ٹیم نے تین دن سندھ میں قیام کیا او روہاں پر ٹڈی دل کے حملے اور خدشات سے متعلق تفصیلی بریفنگ لی ہے ۔ ماہرین کی ٹیم اس وقت صوبہ بلوچستان کے دورہ پر ہے جہاں وہ تین روز قیام کرے گی جس کے بعد ٹیم پنجاب کا بھی دورہ کرے گی ۔ ٹیم چار مارچ تک پاکستان کے دور ے پر ہے ۔ دورے کے دوران پاکستان کی معاونت ، تکینکی ضروریات اور دیگر اشیاء کی دستیابی کا جائزہ لیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق ماہرین کی ٹیم کا دورہ مکمل ہونے کے بعد سامان کی حتمی فہرست مرتب کی جائے گی جس کے بعد سامان کی ترسیل کا عمل شروع ہو جائے گا۔ذرائع نے کہاہے کہ چین کی جانب سے ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے بطخیں مہیاکرنے کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی ہے اس حوالے سے متعدد جانب سے پوچھا جا رہا ہے تاہم وزارت قومی تحفظ خوراک کو ایسی کسی بھی چیز سے متعلق آگاہی نہیں۔