لاہور(احتشام الحق) چیرمین پی سی بی احسان مانی نے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس طلب کر لیا۔پی سی بی گورننگ بورڈ کا اجلاس 22 نومبر کو لاہور میں ہو گا، چیف ایگزیکٹو وسیم خان آسٹریلیا سے اجلاس میں سکائپ کے ذریعے شرکت کریں گے ۔ اجلاس میں پی ایس ایل فائیوکے تمام میچ پاکستان میں منعقد ہو نے سے ہونے والی آمدن اور انتظامات بارے ارکان کو اعتماد میں لیا جائے گا، ادارہ جاتی کرکٹ کی بحالی پر بات چیت ہوگی ۔تفصیلات کے مطابق پی سی بی گورننگ بورڈ کا ہنگامہ خیز اجلاس 22نومبر کولاہور میں ہو گا، بورڈ کے ایم ڈی وسیم خان اور چیئرمین احسان مانی پی ایس ایل فائیو ایڈیشن کے تمام میچ پاکستان میں کرانے بارے اپنی رپورٹ ارکان کے سامنے پیش کریں گے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلی بار لیگ کے تمام میچ پاکستان میں کھیلے جا نے سے نہ صرف آمدن میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا بلکہ زر مبادلہ میں بھی خاصی بچت ہو گی۔یو اے ای میں میچ کھیلنے سے نہ صرف سٹیڈیم کی بکنگ کی مد میں ادا کی جانے والی بڑی رقم کی بچت ہو گی بلکہ بورڈ سٹاف اور مہمانوں کے لئے مہنگے ہوٹلوں میں کمروں کی بکنگ کی مد میں ادا کئے جانے والے زر مبادلہ کی بچت ہو گی۔