حافظ آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کے نتیجہ میں خاتون نے ہسپتال سے باہر بچی کو جنم دے دیا جس پر لواحقین متعلقہ ڈاکٹر اور انتظامیہ کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے ۔ ٹھٹھہ کھرلاں کی رہائشی مسرت نامی خاتون کوزچگی کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال لایا گیا ،جہاں ڈاکٹر نے مبینہ طور پر علاج کرنے سے انکار کر دیا جس پر خاتون ہسپتال سے باہر لائی گئی تو اُس نے سڑک پر ہی بچی کو جنم دے دیا۔ مسرت کی والدہ کا کہنا ہے کہ ان کیساتھ ظلم ہوا ہے جس پر اُنہیں انصاف ملنا چاہیے ۔ دوسری جانب ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ منع کرنے کے باوجود مسرت کے لواحقین اُسے اپنی مرضی سے ڈی ایچ کیو ہسپتال سے لے کر جارہے تھے اور اس دوران ہی خاتون نے بچی کو جنم دیا۔