لاہور(حافظ فیض احمد)ٹرینوں کی سیفٹی ،آمدنی میں اضافہ ،مال بردار ٹرینوں کی تعداد بڑھانے ،مسافروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی، سکیورٹی معاملات کی بہتری یقینی بنانے کے حوالے سے چیئرمین ریلوے حبیب الرحمن گیلانی کے کراچی ،سکھرکے پانچ روزہ دورہ کا پروگرام جاری کردیا گیا ،ان کی معاونت کے لئے سی ای او ،اے جی ایم اور دیگر شعبوں کے پرنسپل افسران بھی کراچی پہنچ گئے ،ذرائع کے مطابق ڈی ایس کراچی چیئر مین کو اپنی ڈویژن کے حوالے سے آج ٹرینوں کی آمدورفت ، آمدنی اور دیگر اہداف سے متعلق جبکہ ایم ڈی فریٹ کمپنی کول پراجیکٹ پر بریفنگ دیں گے ، بیٹھک میں کراچی سے مال بردار ٹرینوں کی تعداد بڑھانے پو غور کیا جائے گا تاکہ محکمہ کا خسارہ کم اور آمدنی میں اضافہ کیا جاسکے ۔ذرائع کے مطابق ٹرینوں کی آمدورفت کو بہتر بنانے ،مسافروں کو دوران سفر بہتر سہولیات کی فراہمی کا پلان تیار کیا جائے گا، حساس علاقوں میں ٹرینوں کی سکیورٹی، ریلوے ٹریک کی حفاظت کے لئے آئی جی ریلوے پولیس بھی سکیورٹی اقدامات سے آگاہ کریں گے ۔کراچی اور سکھر میں سگنل نظام اور انفراسٹرکچر کی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئر مین کل 21 جنوری کو پورٹ قاسم کے سی آر کا دورہ اور چیف سیکرٹری سندھ سے ملاقات کریں گے ۔ کراچی کینٹ ریلوے سٹیشن ،کراچی یارڈاور سکھر ڈویژن ریلوے ہسپتال سمیت دیگر اہم تنصیبات کا دورہ بھی شیڈول میں شامل ہے ۔