لاہور(قاضی ندیم اقبال) کرونا وائرس کے خدشات،متروکہ وقف املاک بورڈ حکام نے ملک بھر کے فنکشنل گوردواروں اور مندروں کی بابت روزانہ کی بنیاد پر رپورٹس مرتب کرنے کی ہدایت کردی جبکہ ایڈمنسٹریٹو اور فیلڈ سٹاف کے بغیر پیشگی اجازت شہر چھوڑنے اور غیر ضروری نقل و حمل پر پابندی بھی عائد کردی ۔معتبر ذرائع کے مطابق چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ کو مختلف حوالوں سے موصول ہونے واالی رپورٹس میں نشاندہی کی گئی کہ ایڈمنسٹریٹرز، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹرز کے علاوہ دیگر فیلڈ سٹاف میں سے بعض سرکاری قواعد و ضوابط کی پاسداری نہیں کرتے اورہر ویک اینڈ پرجائے تعیناتی والا سٹیشن/شہر چھوڑنے سے قبل مجاز اتھارٹی سے سٹیشن لیو لینے کی زحمت نہیں کرتے جس کے باعث کسی بھی وقت کسی ہنگامی صورتحال میں وہ دستیاب نہیں ہوں گے ۔ رپورٹس کی روشنی میں چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹر عامر احمد نے کراچی، ملتان، ننکانہ صاحب ، لاہور اور راولپنڈی کے زونل ایڈمنسٹریٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے زیر انتظام فنکشنل مندروں اور گورودواروں کی بابت روزانہ بنیاد پررپورٹس مرتب کر کے ارسال کریں جس میں روزانہ کی ایکٹیویٹی، زائرین کی دیکھ بھال اور انہیں کرونا وائرس سے بچانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کی تفصیلات شامل ہونی چاہئیں۔چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ نے ایڈمنسٹریٹرز کو ہدایت کی کہ وہ نہ صرف خود سول سروس رولز کی پاسداری کریں بلکہ اپنے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹرز و دیگر فیلڈ و ایڈمنسٹریٹو سٹاف سے بھی قوانین کی پاسداری کرائیں۔کرونا وائرس کے پیش نظر چونکہ ملک بھر میں ایمرجنسی کی صورتحال ہے لہذا وہ غیر ضروری نقل و حمل سے گریز کریں اور احکامات کی پاسداری نہ کرنے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی یقینی بنائی جائے ۔