اسلام آباد (این این آئی)قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کو بیور و کی مجموعی کارکردگی کے بارے میں کل بریفنگ دیں گے ۔ اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں چیئرمین سینیٹر جاوید عباسی کی سربراہی میں ہوگا۔ سینٹ سیکرٹریٹ کے جاری کردہ نوٹس کے مطابق قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال قانون وانصاف کی سینیٹ کمیٹی کو زیرالتوا مقدمات اور انکوائریوں اور استغاثہ کے بارے میں آگاہ کریں گے ۔علاوہ ازیں چیئرمین نیب کمیٹی کو اس بارے میں بھی بتائینگے کہ گزشتہ تین سالوں کے دوران بیورونے کتنی ریکوریز کی ہیں۔ایجنڈے کے مطابق چیئرمین بیورو اس بارے میں بھی بریفنگ دیں گے کہ کسی فرد کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ا ی سی ایل) میں ڈالنے کا کیاطریقہ کار ہے اور گزشتہ تین سالوں میں کتنے افراد کے نام ای سی ایل پر ڈالے گئے اور اس کی وجوہات کیا تھیں۔