اسلام آباد ( 92 نیوزرپورٹ) چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی قیادت میں بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے ادارے نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور بدعنوان عناصر سے بلاواسطہ اور بلواسطہ 178 ارب کی لوٹی ہوئی رقم برآمد کر کے قومی خزانے میں جمع کرا دی۔چیئرمین نیب نے منصب سنبھالتے ہی معاشرے اور ملک کو بدعنوانی سے پاک کرنے کے لیے نیشنل اینٹی کرپشن سٹریٹجی بنائی جسے بدعنوانی کے خلاف موثر ترین حکمت عملی کے طور پر تسلیم کیا گیا، جسٹس جاوید اقبال نے نیب کو متحرک ادارہ بنا دیا جو ہمہ وقت بدعنوان عناصر کے خلاف بلا تفریق قانون کے مطابق کاروائی کرنے کے لیے متحرک ہے ،نیب نے تقریبا 600 بدعنوانی کے ریفرنس سماعت کیلئے احتساب عدالتوں میں دائر کیے ، اس وقت 25 احتساب عدالتوں میں نیب کے 1275 بدعنوانی کے ریفرنس زیر سماعت ہیں جن کی کل مالیت 944 ارب روپے ہے ۔