لا ہور، کراچی (نمائندہ خصوصی سے ، سٹاف رپورٹرز) معروف عالم دین ،چیئر مین پنجاب قرآن بورڈ، چیئر مین شعبہ امتحانات تنظیم المدارس اہلسنت پاکستان ،رکن اسلامی نظریاتی کونسل اور مہتمم شمس العلوم جامعہ رضویہ کر اچی مولانا ابو الظفر غلام محمد سیالوی کورونا وبا سے جاں بحق ہوگئے ، مرحوم کی نماز جنازہ میں ان کے اہل خانہ، عزیز و اقارب سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی ، مفتی منیب الرحمن نے کراچی میں نمازجنازہ پڑھائی، وہ 43 سال سے شمس العلوم جامعہ رضویہ نارتھ ناظم آباد سے وابستہ تھے ، انہیں شمس العلوم جامعہ رضویہ میں ہی سپرد خاک کر دیا گیا، محکمہ صحت کراچی کے علاوہ مقامی انتظامیہ کے ذمہ داران بھی موجود تھے ، مولانا ابو المظفرغلام محمد سیالوی عیدالفطر سے چند روز قبل کراچی روانہ ہوئے ، طبیعت خراب ہونے پر ٹیسٹ کرائے گئے تو کورونا مثبت نکل آیا، ابتدائی طور پر ان کے ادارہ میں ہی رکھتے ہوئے علاج معالجہ کی کوشش کی گئی، طبعیت زیادہ خراب ہونے پر انہیں ہسپتال شفٹ کر دیا گیا، جہاں وہ جمعتہ المبارک کی صبح خالق حقیقی سے جا ملے ، مولانا غلام محمد سیالوی نے پسماندگان میں بیوہ، تین بیٹیاں اور دو بیٹے ظفر محمود اور یاسر محمود چھوڑے ہیں، ان کا شمار میاں نواز شریف کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا، ان کو بطور خاص کراچی سے لا کر پہلی بار21نومبر2011 کو ایک سال کیلئے چیئر مین تعینات کیا گیا ، 2011سے تاحال بطور چیئر مین پنجاب قرآن بورڈ انہیں ہر سال عہدے پر توسیع دی جاتی رہی تھی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ایگریکلچر اینڈ رورل اکانومی پنجاب عارف انور بلوچ،سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر ارشاد احمد،سیکرٹری سروسز محمد شہریار سلطان، سیکرٹری تعلیمات ہائر ایجوکیشن، ذوالفقار احمد گھمن، سابق چیئر مین پنجاب قرآن بورڈ قاری حنیف جالندھری ،ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری ، ڈائریکٹر عجائب گھر طارق محمود جاوید،چیئر مین متحدہ علماء بورڈ پنجاب طاہر محمود اشرفی ،مہتمم جامعہ نعیمیہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، مہتمم جامعہ اشرفیہ مولا نا فضل الرحیم، مہتمم جامعۃ الحسین مولانا محمد حسین اکبر، خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبد الخبیر آزاد، خطیب امام جامع مسجد داتا دربار مفتی رمضان سیالوی ، اراکین پنجاب قرآن بورڈ ناظم الدین،ڈاکٹر قاری احمد میاں تھانوی، صدر قرآن مجید پروف ریڈرز ایسویسی ایشن پنجاب حافظ انجم علی،قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہر القادری ، تحریک لبیک کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی ، ڈاکٹر سعد صدیقی،مفتی انتخاب احمد نوری، مولانا عبد المصطفیٰ ہزاروی،مولا نا امجد خان، ڈاکٹر عبدالغفور راشد، ڈاکٹر حماد لکھوی، ڈاکٹر محمد حسن مدنی، مولانا نعیم بٹ،علامہ محمد افضل حیدری، مولانا امجد علی جعفری،حافظ غلام حیدر،صدر انجمن ناشران قرآن مجید کاشف رحیم اورایڈمنسٹریٹو آفیسر پنجاب قرآن بورڈ عمر دراز نے غلام محمد سیالوی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لئے دعا بھی کی ۔