اسلام آباد(صباح نیوز) چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان دسمبر کے پہلے ہفتے میں ریٹائر ہو جائیں گے جبکہ دو ممبران پہلے ہی کم ہیں۔چیف الیکشن کمشنر کی ریٹائرمنٹ سے الیکشن کمیشن غیر فعال ہونے کاخدشہ پیداہوگیا ہے ۔ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی ریٹائرمنٹ کے 45 روز تک نئے چیف کی تعیناتی ضروری ہے ، الیکشن کمیشن نے وزارت پارلیمانی امور کو خط لکھ کرصورتحال سے آگاہ کر دیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے لیے بھی وزیراعظم عمران خان اور اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف میں مشاورت لازمی ہے ۔ دونوں میں عدم اتفاق پر یہ معاملہ بھی پارلیمانی کمیٹی کے سپرد ہو گا۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کے سندھ اور بلوچستان کے ممبران 7 ماہ سے تعینات نہیں ہوسکے ، الیکشن کمیشن کے دونوں ممبران کی تعیناتی پر پارلیمانی کمیٹی تاحال ڈیڈ لاک کا شکار ہے ۔