اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی،لیڈی رپورٹر) چیف الیکشن کمشنر کیلئے عرفان قادر، سلطان سکندر راجہ اور ذوالفقار چیمہ کے نام تجویز کر دیئے گئے جن پر جلد اتفاق ہونے کا امکان ہے ۔پیپلز پارٹی نے سابق اٹارنی جنرل عرفان قادر کا نام تجویز کیا جبکہ مسلم لیگ ن نے بھی حمایت کا عندیہ دے دیا ہے ۔ عرفان قادر کا نام راجہ پرویز اشرف نے تجویز کیا۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے سکندر سلطان راجہ کا نام تجویز کیا گیا ہے ۔ سکندر سلطان راجہ کا نام پرویز خٹک نے تجویز کیا ۔اراکین پارلیمانی کمیٹی نے سکندر سلطان راجہ کے حوالے سے چھان بین کیلئے مزید وقت مانگ لیا۔پارلیمانی کمیٹی کے اکثریت ممبران نے عرفان قادر کا نام مسترد کر دیا ۔جمعیت علمائاسلام ف نے ذوالفقار چیمہ کا نام بطور چیف الیکشن کمشنر تجویز کیا ۔ ادھراسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کے 2ارکان کی تعیناتی پر حکومت کو چوتھی بار مزید 10 روز کی مہلت دیدی۔ الیکشن کمیشن کے 2 ارکان تعیناتی کیس کی سماعت شروع ہوئی تو قومی اسمبلی کے لیگل ایڈوائزر نے بتایا کہ دو ممبران الیکشن کمیشن پر تقربیا ًاتفاق ہو چکا، چیف الیکشن کمشنر کا نام واپس لے لیا گیا، اب حکومت اپوزیشن نئے نام دیں گی۔ ن لیگ کے وکیل جہانگیر جدون نے بتایا کہ ہم کوشش کر رہے ہیں، آرمی چیف کی توسیع کے معاملے پر بھی اتفاق سے چلے ہیں۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اﷲ نے ریمارکس دیئے کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ پارلیمنٹ کی بے توقیری نہیں ہوئی، پارلیمنٹ کا تقدس اور آئین کی سربلندی ضروری ہے ، ارکان پارلیمنٹ جن لوگوں کی نمائندگی کرتے ہیں ان کو آپ سے بہت توقعات ہیں، عدالت معاملہ آنے سے پارلیمنٹرینز کو منتخب کرنے والے عوام کی بے توقیری ہوتی ہے ۔محسن شاہ نواز رانجھا سمیت لیگی رہنماؤں نے الیکشن کمیشن ارکان کی تقرری کو چیلنج کر رکھا ہے ۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے مزید سماعت 27 جنوری تک ملتوی کر دی۔