منڈی بہاؤالدین (ڈسٹرکٹ رپورٹر) چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ منڈی بہاؤالدین ڈاکٹر محمد علی مفتی نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پھالیہ کا دورہ کیا۔ اپنے دورہ کے دوران انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور عملہ کی کارکردگی پر اظہار اطمینان کیا۔ انہوں نے ہسپتال میں داخل مریضوں سے بھی ادویات کی فراہمی اور ہسپتال سے متعلقہ سہولیات کے متعلق دریافت کیا۔ ڈاکٹر محمد علی مفتی نے ہسپتال کی چار دیواری کا بھی معائنہ کیا اور ہسپتال کی ٹوٹی ہوئی دیوار اور ہسپتال میں غیر متعلقہ افراد کی آمد و رفت اور شارع عام کا بھی نوٹس لیتے ہوئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر قمر الزمان گورائیہ کو ہدایات جاری کیں۔