اسلام آباد(این این آئی)سپریم کورٹ میں سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی جانب سے سنگین غداری فیصلے کے خلاف درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے خلاف دائر کی گئی اپیل پرسماعت آج ہوگی ،چیف جسٹس گلزار احمد پرویز مشرف کی اپیل پر چیمبر میں سماعت کریں گے ۔ رجسٹرار آفس نے اپیل سماعت کیلئے مقرر ہونے سے متعلق پرویز مشرف کے وکیل کو نوٹس جاری کر دیا ۔ رجسٹرار آفس نے نے جنرل (ر) پرویز مشرف کی اپیل کو مدعی کے خود پیش نہ ہونے کی بنیاد پر واپس کردیا تھا۔ ادھر سابق وزیر خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کی درخواست ضمانت کی سماعت آج پیر کو ہوگی،سپریم کورٹ کے جج جسٹس مقبول باقر کی سربراہی میں تین رکنی بنچ سماعت کرے گا،جسٹس سید منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر بنچ میں شامل ہیں۔ ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کے حلقے میں دوبارہ انتخابات کے حکم کیخلاف اپیل کی سماعت کل منگل کو ہوگی،جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس فیصل عرب اور جسٹس یحییٰ آفریدی پر مشتمل بنچ سماعت کرے گا۔