لاہور؍ اسلام آباد؍ نیو یارک(رپورٹنگ ٹیم؍ نیوز ایجنسیاں) کورونا سے مزید 43 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 1283 ہوگئی ہے جبکہ مریض62689 ہوگئے ہیں۔ اب تک پنجاب میں 22037، سندھ میں 25309، خیبرپختونخوا میں8842، بلوچستان میں 3616 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے ۔ گزشتہ روز چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جمال مندوخیل بھی کوروناکاشکارہوگئے ،چیف جسٹس کے گھرکے 8دیگرافرادمیں بھی کوروناکی تصدیق ہوگئی۔سیالکوٹ میں مریضوں کی تعداد576 ، ساہیوال میں 76ہوگئی۔ریڈیو پاکستان کی نیوزکاسٹر ہما ظفر اور نیوز سیکشن سے منسلک محمد اشفاق کورونا سے انتقال کر گئے ۔راولپنڈی میں کورونا وائرس سے مزید3افراد جاں بحق ہوگئے ۔نشتر ہسپتال ملتان میں زیرعلاج کورونا کے 3 مریض بھی دم توڑ گئے ۔مسلم لیگ(ن) کے وزیرآباد سے ایم پی اے شوکت منظور چیمہ کورونا کا شکار ہوگئے ، طبیعت بگڑنے پر وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا ۔جماعت اسلامی حلقہ خواتین پاکستان کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی کورونا کا شکار ہوگئیں۔دو ڈپٹی سیکرٹریز حسن لالی اور حسن عباس کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ آفس کو سیل کردیا گیا۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمنٹری ڈاکٹر افضال حسین بھی کورونا کا شکار ہوگئے ہیں ۔ڈاکٹر عمیر رشید سمیت 5 ڈاکٹرز اور 4 پیرامیڈیکس کے کورونا کا شکار ہونے پر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنسز کا شعبہ نیوروریڈیالوجی بھی بند کر دیا گیا۔ڈسٹرکٹ کورٹس راولپنڈی کے اہلکار میں کورونا پازیٹوآنے پرایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج سہیل شیخ کی عدالت کو بندکرتے ہوئے حفاظتی اقدامات کی ہدایات جاری کردی گئیں۔مخدوم رشید ملتان کے سرکل ایس ڈی پی او نصراللہ وڑائچ کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آگیا۔ راولپنڈی پولیس کے 4ایس ایچ اوز سمیت 15افسران وملازمین کورونا کا شکار ہوگئے ۔وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی روزانہ کی صورتحال کی رپورٹ شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ 4101 نمونوں کی جانچ کر کے 1103 نئے کیسز کا پتہ چلا ہے اور24گھنٹوں کے دوران مزید 16 جاں بحق ہوگئے ہیں۔ریلوے نے 30 ریل گاڑیوں کو غیرمعینہ مدت تک چلانے کا فیصلہ کرلیا۔ادھر دنیا بھر میں مریضوں کی تعداد ساڑھے 58لاکھ ہوگئی جبکہ 3 لاکھ 60 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔گزشتہ روز برازیل میں ایک ہزار سے زائد اموات ہوئیں۔جنوبی سوڈان کے نائب صدر کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا،جنرل حسین عبدالباقی ملک کے چوتھے اعلیٰ عہدیدار ہیں جن میں کورونا کی تصدیق ہوئی۔سوڈان کے معزول صدر عمر حسن البشیر کو کورونا کی علامات ظاہر ہونے کے بعد جیل سے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ چلی میں 111 سالہ خاتون کورونا سے صحت یاب ہوگئی۔لیبیا میں کرفیو میں10 روز تک توسیع کر دی گئی ۔واشنگٹن کے میئر نے اعلان کیا ہے کہ شہر میں کورونا میں کمی کے باعث لاک ڈائون میں نرمی کی جارہی ہے ، ریسٹورنٹس اور دیگر کاروبار جسمانی دوری کو مدنظر رکھتے ہوئے کھولے جا سکتے ہیں۔دبئی میں سرکاری دفاتر کو 100 فیصد عملے کے ساتھ مکمل طور پر فعال کرنے کی اجازت دے دی گئی۔جزیرہ نما ملک قبرص کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اگر کوئی سیاح ان کے ملک میں آنے کے بعد کورونا کا شکار ہوا تو حکومت اس کی چھٹیوں کا خرچ ادا کرے گی۔سفری پابندیوں کے باعث برطانیہ شمالی کوریا میں اپنا سفارتخانہ بند کرنے پر مجبور ہوگیا۔سعودی عرب کے شہر جدہ میں 591 لیبر کیمپوں میں مقیم ایک لاکھ 8 ہزار غیر ملکی کارکنوں کا عام معائنہ کیا گیا ۔ یورپی ممالک میں کورونا کے علاج کے لئے ملیریا کی دوا کو استعمال کرنے سے روک دیا گیا ہے ۔برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے پیر سے انگلینڈ میں چھ افراد باہر اکٹھے ہو سکتے ہیں، بچوں کیلئے سکول اور دکانیں وغیرہ بھی پیر سے ہی کھول دی جائینگی۔ یورپی یونین کے ایگزیکٹو کمیشن کی سربراہ ارسلا وان ڈر لین نے کورونا وبا سے متاثرہ یورپی معیشت کی بحالی کے لئے 750 ارب یورو کے امدادی فنڈ کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے یورپی یونین میں شامل ممالک کو بحران سے نمٹنے میں مدد ملے گی جس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔امریکہ میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مزید 21 لاکھ سے زیادہ افراد نے بیروزگاری الاؤنس کیلئے درخواست دیدی، جسکے بعد ملک میں بیروزگار افراد کی مجموعی تعداد 40 ملین سے تجاویز کر گئی ہے ۔ ایک اندازے کے مطابق امریکہ میں ہر چوتھا ورکر بیروزگار ہو چکا ہے ۔اقوام متحدہ کی ویڈیو کانفرنس میں دنیا کے 50ممالک کے سربراہان نے کورونا وبا کے خاتمے کے بعد تعلقات میں تعاون اور لچک دکھانے کی اپیل کی ہے ، تاہم کانفرنس میں امریکہ، چین اور روس نے شرکت نہیں کی۔