لاہور(نمائندہ خصوصی سے )کورونا وائرس کے مریضوں کیلئے صوبے بھر میں ایکسپو سینٹر لاہور کی طرز پر فیلڈ ہسپتالوں کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے اورراولپنڈی ، جہلم میں دو نئے فیلڈ ہسپتال اگلے تین دن میں تیار کر دیئے جائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار چیف سیکرٹری میجر (ر) اعظم سلیمان خان نے کیمپ آفس میں اعلیٰ سطح ا جلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں کورونا وائرس انتظامات، کنسٹرکشن انڈسٹری میں کام کرنے والی کمپنیوں کیلئے ایس او پیز کی تیاری اور زائرین کی واپسی کی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ آئی جی شعیب دستگیر، کمشنر سیف انجم اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ صوبے میں کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ عوام اورمیڈیکل سٹاف کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔