کوئٹہ،بیجنگ (اے پی پی، سٹاف رپورٹر،نیٹ نیوز) گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ سی پیک میگا پراجیکٹ ہے ، اس کی تکمیل سے پورے خطے کی تقدیر بدل جا ئیگی، چین، پاکستان کا عظیم دوست اور ہمسایہ ہے ، ہمیشہ مشکل گھڑی میں ساتھ دیا، ہمیں پاک چین دیرینہ دوستی پر فخر ہے ۔ جمعہ کو ایمرجنگ پالیسی میکنگ انسٹی ٹیوٹ کے زیراہتمام سی پیک اور چائنہ گلوبل لیڈرشپ پر ویبنار سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہاکہ عالمی وبا کے دوران چین کا نہایت اہم کردار رہا، مالی امداد اور دوائوں کی فراہمی سے چین نے خود کو گلوبل لیڈر ثابت کیا، چین اور پاکستان نہ صرف کورونا کے خلاف جنگ بلکہ مشترکہ دشمنوں کیخلاف بھی شانہ بشانہ کھڑے ہیں، پاکستان اور چین پورے خطے کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بننے ، عوام کو ترقی اور خوشحالی کے ثمرات سے محروم رکھنے والی قوتوں کے خلاف ہیں۔ چینی سفیر یاؤ ژنگ نے کہا کہ پاکستانی حکومت نے کورونا سے نمٹنے کیلئے بہترین حکمت عملی اپنائی۔ سی پیک سے خطے میں امن وخوشحالی کا نیا دور آ ئیگا۔پاکستانی حکومت نے کورونا سے نمٹنے کیلئے بہترین حکمت عملی اپنائی۔ یقین ہے کہ پاکستانی حکومت اور عوام مل کر کورونا کو شکست د ینگے ۔ دوسری جانب چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان زاہو لیجیان نے معمول کی بریفنگ میں کہا کہ چین مشکل گھڑی میں پاکستان کی مدد اور تعاون کو فراموش نہیں کر سکتا۔ویبنارمیں بلوچستان کے دیگر سیاسی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔