واشنگٹن (اے ایف پی ،این این آئی )امریکہ نے کہا ہے کہ چین سپر پاور بننے کیلئے سرگرم ہے جبکہ ہمارے لئے سب سے بڑا خطرہ ہے ۔امریکا وزیر خارجہ پومپیو نے بیجنگ پر الزامات لگائے ہیں ۔امریکی ادارے ایف بی آئی کے سربراہ کرسٹوفر رے نے کہا ہے کہ چینی حکومت کی جانب سے چوری اور جاسوسی کے اقدامات امریکا کے مستقبل کے لئے سب سے بڑا طویل المدتی خطرہ ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ چین امریکا کی کورونا وائرس پر تحقیق کو سبوتاژ کرنے کی بھی کوششیں کر رہا ہے ، چین کی پوری ریاست اس کوشش میں ہے کہ کسی بھی طرح دنیا کی واحد سپرپاور بنا جائے ۔دریں اثنابھارت اور چین کے مابین جاری کشیدگی کے درمیان بھارت اور امریکا نے بین الاقوامی نظام کولاحق خطرات پر بات چیت کی ہے اور تمام چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عزم دہرایا ہے ۔بھارت اور امریکا کے خارجہ سیکرٹریوں کے درمیان ہونے والی ورچول میٹنگ میں دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کے مقاصد کی تکمیل میں مدد کرنے سے بھی اتفاق کیا۔اے ایف پی کے مطابق پومپیو نے کہا ہے کہ چین کی بھارت کیخلاف جارحیت کی مذمت کرتے ہیں،بھوٹان کے بارے میں تازہ تنازعہ بیجنگ کی غنڈہ گردی کے منصوبے کو ظاہر کر تاہے ۔