پاک بحریہ کے لیے تیار کئے جانے والے اے بی 054 کلاس جنگی جہاز کی تیاری شروع ہو گئی اور اس سلسلہ میں سٹیل کٹنگ کی تقریب چین کے ہڈونگ ژانگواشپ یارڈ میں ہوئی جس میں چین اور پاکستان کے اعلیٰ حکام اور بحری افسران نے شرکت کی جبکہ وائس چیف آف نیول سٹاف وائس ایڈمرل کلیم شوکت تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ پاکستان اور چین کا ایک دوسرے کے ساتھ تعاون اور دوستی خطے میں ایک مثال بن چکی ہے اور پاک بحریہ کی تعمیروترقی اور جنگی جہازوں کی تیاری میں تعاون سے پاک چین دوستی کا ایک نیا باب رقم ہوگیا ہے۔ قبل ازیں اس سال جون میں چین سے دو جنگی جہازوں کے حصول کا معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت 2021ء تک چار 054 اے جنگی جہاز پاک بحریہ میں شامل کئے جائیں گے۔ یہ جہاز جدید اور باصلاحیت جنگی جہاز ہیں جو عصر حاضر کے ہتھیاروں بشمول دور مار کرنے والے میزائلوں اور جدید ٹیکنالوجی کے حامل سنسرز سے بھی لیس ہیں۔ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ ان جہازوں کی پاک بحریہ میں شمولیت سے پاک بحریہ کے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پیٹرولز کے اقدام کو تقویت ملے گی جس کا مقصد بین الاقوامی پانیوں میں عالمی جہاز رانی کو محفوظ بنانا ہے جس سے نہ صرف خطے میں طاقت کے توازن قائم ہو گابلکہ پاکستان کو اپنے میری ٹائم دفاع میں قابل قدر قوت بھی حاصل ہو سکے گی۔