کراچی(محمدقاسم)چین میں زیر تعلیم ہزاروں طلبہ کا تعلیمی سال بچانے کے لئے وزیراعظم کی خصوصی ھدایت پروزارت خارجہ سرگرم ہوگئی ہے ،وزارت خارجہ نے اسلام آباد میں چینی سفارتخانے سے باضابطہ رابطہ کرلیا ہے ۔بیرون ممالک میں تعلیم حاصل کرنے والے پاکستانی طلبہ کی سب سے زیادہ تعداد چین میں ہے ،کووڈ19کی وجہ سے بیشتر پاکستانی طلبہ ملک واپس آگئے تھے ،اب چونکہ پاکستان اور چین دونوں میں کووڈ 19کی صورتحال قابو میں ہے اس لئے ان طلبہ نے پرائم منسٹر ڈیلیوری یونٹ کے ذریعے انہیں تعلیم کا سلسلہ دوبارہ جاری رکھنے کے لیئے چین جانے کے انتظامات کرنے کی درخواست کی تھی،پرائم منسٹر ڈلیوری یونٹ نے یہ زمہ داری وزارت خارجہ کی سپرد کی ہے جس کے بعد پاکستانی وزارت خارجہ نے اسلام آباد میں چین کے سفارتخانے کو خط تحریر کیا ہے جس میں چینی حکومت سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ چین کی جامعات اور کالجوں میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات کا تعلیمی سال بچانے کے خاطر انہیں واپس چین جانے کی اجازت دیدیں،وزارت خارجہ کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ان طلبہ کو فاسٹ ٹریک ویزہ پالیسی سسٹم کے تحت ویزے جاری کئے جائیں تاکہ طلبہ کا مزید وقت ضائع ہونے سے بچایا جاسکے ،وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ آن لائن تعلیم اس معاملے کا مستقل حل نہیں ہے ،زرائع کے مطابق 14ہزار سے زائد پاکستانی طلبہ چین میں زیر تعلیم ہیں۔