اسلام آباد(اظہر جتوئی)پاکستان نے سی پیک کے پاورمنصوبوں اور چین سے لئے گئے قرضوں کی تفصیلات آئی ایم ایف کو فراہم کر دیں،چین نے 10برس میں 14 ارب ڈالرز کے قرضے دیئے ۔ سی پیک کے تحت توانائی کے منصوبوں سے 3ہزار 240 میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل ہو چکی ۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف ٹیم کو حکام نے سی پیک کے مختلف منصوبوں اور چین سے لئے گئے قرضہ پر بریفنگ دی ۔چین نے 10سالوں میں گارنٹی کے عوض ایک ارب 27 کروڑ ڈالر کے قرضے فراہم کئے ،اس کے علاوہ باہمی امور کے تحت 8 ارب 33 کروڑ ڈالر سے زائد کے قرضے فراہم کئے ، کمرشل بنک چائینہ ڈیویلپمنٹ بنک نے بھی 2برس میں 2ارب 70 کروڑ ڈالر کے قرضے فراہم کئے ۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کو دی گئی تفصیلات میں بتایا گیا کہ چین سی پیک کے تحت توانائی منصوبوں سے 3ہزار 240 میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل ہو چکی اس میں50 میگاواٹ داؤد ونڈ پاور، 100میگاواٹ پاکستان جمپیر ونڈ پاور،، سچل میں 50 میگاواٹ ونڈ پاور پراجیکٹ، 900میگاواٹ سولرپراجیکٹ، پورٹ قاسم کے 1320 میگاواٹ، ساہیوال میں 1320میگاواٹ کول پاور پلانٹ، 100میگاواٹ ونڈ پاور پراجیکٹ، 720 میگاواٹ کروٹ ہائیڈرو پراجیکٹ ، 660 میگاواٹ حبکو کول پاور پلانٹ اور تھر میں 660میگاواٹ کول پاور پلانٹ شامل ہیں۔