بیجنگ (اے ایف پی ) چین نے امریکی صدرٹرمپ کی جانب سے چینی مصنو عات پر 200ارب ڈالر کا ٹیکس بڑھانے پر کرارا جواب دیتے ہوئے 5207 امریکی اشیا پر 5تا 10فیصد مزید ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کردیا جس کا اطلاق 24ستمبر سے ہوگا ۔ چین 60بلین ڈالرکی امریکی درآمدی مصنوعات پر ٹیکس عائد کرے گا،چین کی وزارت خزانہ کے مطابق امریکی اقدامات کے جواب میں ایسے اقدامات کے علاوہ کوئی حل اور چوائس نہیں ہے ،جن اشیا پر 10فیصد ٹیکس عائد کیاجائے گا ان میں ایل این جی ،معدنی کچی دھاتیں،کافی ،خوردنی تیل جمی ہوئی سبزیاں کو کوا پائوڈراور مختلف قسم کے کیمیکل شامل ہیں چین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے 2 سو ارب ڈالر کی چینی درآمدات پر اضافی ٹیکس عائد کیے جانے پر امریکہ کو تجارتی جنگ میں غیر یقینی اقدامات سے خبردار کیا ہے ۔دونوں ممالک میں تجارتی جنگ میں تیزی آئی ہے ،چینی وزارت تجارت نے بھی اپنے ایک بیا ن میں کہا ہے کہ اپنے قانونی حقوق ،مفادات اور عالمی تجارتی طریقہ کار کی حفاظت کے پیشِ نظر چین کے پاس امریکہ پر جوابی اقدام کے علاوہ کوئی راستہ نہیں،ان کے بیان میں چین کی جانب سے 60 ارب ڈالر کی امریکی درآمدات پر ٹیرف عائد کرنے کی گزشتہ دھمکی کا حوالہ نہیں دیا گیا،دوسری جانب چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ نے معمول کی پریس بریفنگ میں کہا کہ امریکا کی جانب سے ٹیرف عائد کیے جانے کے جوابی اقدام کی تفصیلات سے متعلق صحیح وقت پر اعلان کیا جائے گا،امریکہ کی جانب سے لیے گئے یک طرفہ اقدامات ہمارے لیے ناقابلِ قبول ہیں۔