بیجنگ(آن لائن)چین نے امریکی زرعی مصنوعات کی خریداری روکنے کافیصلہ کرنے کے ساتھ سا تھ ان پر مزید ٹیکس عائد کرنے کا بھی عندیہ دیاہے ۔چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق چینی کمپنیوں نے امریکی فارم مصنوعات خریدنا روک دی ہیں۔ یہ پیشرفت گزشتہ ہفتے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس اعلان کے بعد ہوئی ہے کہ یکم ستمبر سے امریکہ تین کھرب ڈالر مالیت کی چینی مصنوعات پر دس فیصد اضافی محصولات عائد کر دے گا۔ چینی حکومت کے عہدیداران نے بتایا کہ اگرچہ چین نے امریکہ سے ایک کروڑ 40 لاکھ ٹن سویا بین خریدنے کے سمجھوتوں پر دستخط کر دیئے تھے اور گندم اور پورک جیسی مزید امریکی اشیا دراّمد کرنے پر کام کر رہا تھا تاہم اس کے چند ہی گھنٹوں بعد بتایا گیا کہ چینی کمپنیوں نے امریکی فارم مصنوعات کی خریداری معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے میڈیا رپورٹس میں امریکی اضافی محصولات کو دوطرفہ سربراہی ملاقات کے اتفاق رائے کے برعکس قرار دیتے ہوئے انکی مذمت کی گئی ہے ۔