کابل ،واشنگٹن ،بیجنگ،اسلام آباد (92نیوز رپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک،سپیشل رپورٹر ،نیوز ایجنسیاں ،نیٹ نیوز)افغا نستان میں نئی عبوری حکومت کے وزرا نے اپنے عہدوں کا چارج سنبھال لیا، امارت اسلامی افغانستان نے 9/11کی 20ویں برسی پر حکومت کی حلف برداری کا اعلان کر دیا ،طالبان رہنما کے مطابق تاریخ کااعلان اس لئے کیاتاکہ امریکہ کوسفارتی سطح پربھی شکست دی جائے ، ذرائع کے مطابق تقریب میں روس، چین، قطر، ترکی، پاکستان اور ایران کو مدعو کیا گیا ہے ،چین نے طالبان حکومت سے رابطے برقرار رکھنے اور 3کروڑ ڈالر امداد دینے کااعلان کر دیا ، طالبان امیر المومنین ملا ہبت اللہ نے کہا کہ تمام ممالک سے تعلقات افغان مفادات کے تابع ہونگے ،افغان وزیراعظم نے سابق اعلیٰ حکام سے وطن واپسی کی اپیل کر دی ،طالبان کے ترجمان سہیل شاہین کا کہنا ہے کہ کابل میں مظاہرے انتظامیہ کی اجازت سے مشروط ہوں گے ، طالبان نے افغانستان میں خواتین کے کھیلوں پر پابندی لگا دی،امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ پاکستان، ایران، چین اور روس طالبان سے معاہدے کیلئے کام کر رہے ہیں،پنج شیرمیں مزاحمتی فرنٹ نے طالبان کیخلاف متوازی حکومت بنانے کااعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے افغانستان میں سفارتکاروں سے ویڈیو کانفرنس میں کہا کہ افغانستان میں ترقی کے لیے چین امداد کرے گا، امریکہ اور اتحادی بھی معاشی ، انسانی بنیادوں پر امداد کریں، افغانستان کو دالوں، سردیوں کی اجناس، ادویہ کی مد میں 3کروڑ ڈالر سے زائد کی امداد کرینگے جبکہ 30 لاکھ کورونا ویکسین کی خوراکیں عطیہ کرنیکا بھی فیصلہ کرچکے ہیں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ تمام انتہا پسند ، دہشت گرد قوتوں سے تعلقات ختم کر کے کارروائی کیلئے اقدامات کریں۔ ترجمان چینی وزارت خارجہ وانگ وین بن نے اپنے بیان اور انٹرویو میں کہا کہ افغانستان کی خودمختاری، آزادی، سالمیت کا احترام کرتے ہیں ، افغانستان میں قیام امن ،تعمیر نو کیلئے عبوری حکومت کا قیام ضروری قدم ہے جس کی تعریف کی جانی چاہیئے ، ملا ہبت اللہ اخوندزادہ نے کہا کہ افغانستان اُن بین الاقوامی قوانین ، معاہدوں کا پابند ہے جو اسلامی قوانین ، قومی اقدار کے خلاف نہیں ۔ نامزد وزیراعظم ملا محمد حسن اخوند نے الجزیرہ کو انٹرویو میں سابق افغان حکومت کے اعلیٰ حکام کو ملک واپس آنے ،مکمل حفاظت کی ضمانت کا یقین دلایا ،انہوں نے کہاکہ افغانستان میں خونریزی کا دور ختم ہو چکا ہے ۔ ثقافتی کمیشن کے نائب سربراہ احمد اللّہ واثق نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا خواتین کو کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی جائیگی ۔کابل ائیرپورٹ سے مزار شریف، ہرات ، قندھار کیلئے پروازیں شروع کر دی گئیں ،قطر ایئرویز کے ذریعے امداد، کابل ائیرپورٹ کو مکمل فعال بنانے کیلئے تکنیکی آلات پہنچائے جا رہے ہیں۔ حامد کرزئی نے ایرانی وزیر خارجہ سے فون پر افغانستان کی صورتحال پر گفتگو کی ۔مزاحمتی فرنٹ نے بیان میں کہا طالبان حکومت ناجائز ،افغان عوام کے ساتھ دشمنی ہے ،طالبان دنیاکیلئے خطرہ ہیں،مزاحمتی فرنٹ نے اقوام متحدہ و دیگرممالک سے طالبان سے تعاون نہ کرنے کی اپیل کردی۔ صدر جوبائیڈن کا کہنا ہے چین کو طالبان سے حقیقی مسئلہ ہے ، وہ طالبان سے معاملات طے کرنے کی کوشش کرینگے ۔ محکمہ خارجہ نے عبوری حکومت کے اعلان پر تشویش کا اظہار کیا ۔امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے جرمن وزیر خارجہ سے ملاقات کیا جس میں دونوں رہنمائوں نے افغانستان کی صورتحال ، پناہ گزینوں کے مسائل اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جبکہ میڈیا سے گفتگو اور 25ممالک کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی وزیرخارجہ نے کہا کہ طالبان کو حکومت بنانے کے بعد اب اسکی دنیا سے قانونی حیثیت حاصل کرنی ہوگی۔سعودی عرب نے کہا کہ فیصلہ کن مرحلے میں افغان عوام کے ساتھ ہیں ۔ پاکستان نے افغانستان میں نئے سیٹ اپ پر نیک خواہشات کا اظہار کیا ، ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق افغانستان کی صورتحال پرگہری نظرہے ،پاکستان افغانستان میں حکومت سازی کا جائزہ لے رہا ،یہ اقدام افغانستان میں فوری عوامی امورکیلئے انتظامی ضرورت کوپوراکریگا،امیدہے نئے سیاسی امورافغان امن کیلئے مربوط کاوشوں کویقینی بنائینگے ، عوام کی فلاح و بہبود حکومت کی ترجیح ہونی چاہئے ، افغان عوام کیلئے خوراک ، ادویات پر مشتمل امداد بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یورپی یونین کا کہنا ہے کہ عبوری حکومت جامع، تمام گروہوں کی نمائندہ نہیں ۔قطرکی نائب وزیرِ خارجہ لولوہ الخاطر نے کہا کہ طالبان نے عملیت پسندی کا بڑا مظاہرہ کیا، ہم طالبان کو تسلیم کرنے میں جلدی نہیں کر رہے ۔ جاپان نے کہا کہ طالبان سے بات چیت جاری رکھیں گے ۔