اسلام آباد(صباح نیوز)چین میں کاروبار کرنے والے متعدد پاکستانیوں نے حکومت پاکستان سے درخواست کی ہے کہ چین کے مسلم اکثریتی صوبے سنکیانگ میں قید ان کی بیویوں کی رہائی کیلئے چینی حکومت سے سفارتی سطح پر رابطہ کیا جائے ۔اسلام آباد میں دفتر خارجہ اور بیجنگ میں پاکستانی سفیر کے نام اپنی درخواستوں میں پاکستانی شہریوں نے الزام لگایا کہ ان کی چینی شہری بیویوں کو وجہ بتائے بغیر سنکیانگ کے مختلف علاقوں میں قائم ری ایجوکیشن سنٹرز میں رکھا گیا ہے ۔ان درخواستوں میں کہا گیا ہے کہ یہ چینی مسلمان خواتین پچھلے دو برسوں کے دوران زبردستی ان مراکز میں بند اور ان کی سفری دستاویزات بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستانی شہری ہونے کے ناطے ہماری جملہ مشکلات کے حل کے لیے چین کی حکومت سے رابطہ کرکے ان بے گناہ خواتین کو قید و بند کی سختیوں سے رہائی دلوائی جائے ۔