اسلام آباد (سپیشل رپورٹر، خبر نگار خصوصی، 92 نیوز رپورٹ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چین کے وزیر دفاع وی فینگ ہی کو نشان امتیاز ملٹری عطا کیا۔ معزز مہمان کو منگل کو ایوان صدر میں پروقارتقریب میں اس اعزاز سے نوازا گیا۔تقریب میں وزیر دفاع پر ویز خٹک، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف، چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا،تینوں مسلح افواج کے سربراہان سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔معززمہمان کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بالخصوص دفاعی شعبہ میں تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار پریہ اعزاز دیا گیا۔چین کے وزیر دفاع قبل ازیں اہم دفاعی عہدوں پر فائز رہے ۔وہ پاکستان کے مخلص اور قریبی دوست ہیں۔انہوں نے پاکستان اور چین کی مسلح افواج کے درمیان دفاعی تعلقات مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ۔ دریں اثنا وزیر اعظم عمران خان سے چینی وزیر دفاع جنرل وی فینگ نے ملاقات کی، عمران خان نے چینی مہمان کا کہنی ملا کر خیر مقدم کیا۔وزیر اعظم آفس کے مطابق وزیر اعظم اور چینی وزیر دفاع کے درمیان ملاقات میں دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سی پیک اور دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر دفاع پرویز خٹک مووجود تھے ۔ ملاقات میں کورونا وبا سے بچنے کیلئے ایس او پیز کا خیال رکھا گیا۔