اسلام آباد(خبر نگار)چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار نے چین کے دورے کے دوران چینی سپریم پیپلز کورٹ کے صدر زو کیانگ سے بیجنگ میں ملاقات کی۔چیف جسٹس نے پاک چین اقتصادی راہداری کو ون بیلٹ ون روڈ کا فلیگ شپ منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عدلیہ سی پیک کی بھرپور حمایت کرتی ہے اور سی پیک منصوبوں سے متعلق کمرشل تنازعات کے حل کیلئے پرعزم ہے ۔ سپریم کورٹ نے سی پیک سے متعلقہ محکموں کا اجلاس طلب کیا تھااور ماتحت عدالتوں کو سی پیک منصوبوں کے حوالے سے یکطرفہ حکم امتناع جاری نہ کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ دونوں مملک کے مابین قانونی تعاون بڑھانے کی بہت گنجائش ہے ۔ چیف جسٹس نے چینی ہم منصب کو رواں ماہ کی ابتدا میں جوڈیشل کانفرنس کے حوالے سے بھی بریفنگ دی ۔ چینی سپریم کورٹ کے سربراہ نے پاکستانی عدلیہ کے اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ پاک چین تعلقات اور باہمی تعاون سٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل ہو چکا ہے ۔چیف جسٹس پاکستان نے چینی ہم منصب کو پاکستان میں آربیٹریشن پر جوڈیشل کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ملاقات میں جسٹس عظمت سعید شیخ اور جسٹس عمر عطا بندیال نے بھی شرکت کی۔یاد رہے چیف جسٹس شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے چیف جسٹسز اور صدور کی کانفرنس میں شرکت کیلئے چین میں موجود ہیں ۔