اسلام آباد(خبر نگار خصوصی،مانیٹرنگ ڈیسک) صدرمسلم لیگ ن و اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کی چینی اوربرطانوی سفیروں سے اہم ملاقاتیں ہوئیں جن میں باہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال کیاگیا ،شہباز شریف نے کہا کہ وزیراعظم کی سفیروں کیخلاف گفتگوسن کرافسوس ہوا۔(باقی صفحہ4نمبر16) تفصیلات کے مطابق چینی سفارتخانے آمد پر چینی سفیر نونگ رونگ نے شہبازشریف کو سووینئر بھی پیش کیا ،شہباز شریف نے شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، مشاہدحسین سید، مریم اورنگزیب کے ہمراہ چینی سفیر سے ملاقات کی ،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امورپربات چیت کی گئی۔اس سے قبل شہباز شریف سے برطانوی ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر نے بھی ملاقات کی،شہبازشریف نے کوروناکے دوران برطانیہ کی جانب سے پاکستان کی امدادکوسراہا، ملاقات میں کورونا وبا کے دوران دونوں جانب کے تجربات پر بھی بات چیت کی گئی ،شہبازشریف نے برطانیہ میں کوروناسے ہونیوالی ہلاکتوں پراظہارافسوس کیا،شہبازشریف نے کہاکوروناسے نجات کیلئے مشترکہ کوشش کرنے کی ضرورت ہے ،پاکستانیوں کیلئے برطانیہ دوسرے گھرکی مانندہے ،دونوں ممالک کے تعلقات کی نہایت منفردجہت ہے ، شہباز شریف نے پرنس فلپ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ،شاہدخاقان عباسی اور مریم اورنگزیب بھی ملاقات میں موجودتھیں۔ادھراپنی ایک ٹویٹ میں شہبازشریف نے کہاہے کہ وزیراعظم کوسفراکی بہادرانہ کوششوں میں ان کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے ،وزیراعظم کی پاکستانی سفیروں کیخلاف گفتگوغیرضروری تھی،اس سے قومی مفادات کابہادری سے دفاع کرنیوالوں کی حوصلہ شکنی ہوگی جبکہ شہبازشریف مرحوم راجہ اشفاق سرور گھر پہنچے اور انکی وفات پر ان کے اہلخانہ سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ شہبازشریف مرحوم مشاہداﷲ خان کے گھر بھی گئے ،سینیٹر مشاہداﷲ خان کی وفات پر ان کے صاحبزادے ڈاکٹر افنان اﷲ خان اور اہلخانہ سے تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی۔ شہبازشریف نے سربراہ پی ڈی ایم مولانافضل الرحمٰن سے ٹیلیفونک رابطہ کرلیا،شہبازشریف نے صحت سے متعلق دریافت کیا، نیک تمنائوں کااظہارکیا،مولانا نے مزاج پرسی پرشہبازشریف کاشکریہ اداکیا،دونوں رہنما ئوں نے ملکی صورتحال اورباہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال کیا،دونوں رہنمائوں نے عیدالفطرکے بعدملاقات پراتفاق کیا۔