اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ سی پیک کے تحت جاری منصوبوں اور گوادر میں جاری ترقیاتی پراجیکٹس کو جلد ازجلد مکمل کیا جائے تاکہ اس کے ثمرات سے صوبہ بلوچستان اور دیگر پسماندہ علاقے بھرپور استفادہ کر سکیں۔گزشتہ روزچیئرمین سینٹ سے چینی سفیر یاؤجنگ نے ملاقات کی جس میں سی پیک سمیت ترقیاتی منصوبوں ،کوروناوائرس کی صورتحال اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا ۔اس موقع پرچیئرمین سینٹ نے کہا کہ بلوچستان ایک اہم صوبہ ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ سی پیک کے تحت شروع کئے گئے منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے ۔ ترقیاتی عمل کی بدولت صوبے کے عوام کا معیار زندگی بہتر بنایا جا سکتا ہے اور اس عمل کو تیز کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور خصوصاً بلوچستان میں سرمایہ کاری کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں اور چین کے سرمایہ کار کثیر الجہتی شعبوں میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں جس کا فائدہ بلوچستان کے عوام کو پہنچے گا اور مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک خطے کے شاندار مستقبل اور پاک چین دوستی کا مظہر ہے ۔چینی سفیرنے کہا کہ پاکستان ایک دیرینہ اور بے مثال دوست ہے اور سی پیک کے تحت منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے ۔