کراچی(سٹاف رپورٹر)کراچی پولیس کے سربراہ ڈاکٹر امیر شیخ نے کہا کہ پولیس اورقانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ آپریشن کے دوران چینی قونصل خانے پرحملے میں ملوث کالعدم تنظیم بی ایل اے کے 5 سہولت کاروں کوگرفتارکرلیا،گرفتاردہشت گردوں کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ اورگولہ بارود برآمد کرلیا گیا، چینی قونصل خانے پرحملے کا منصوبہ افغانستان میں بنایا گیا اورحملے میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ ملوث ہے ،حملے کا ماسٹر مائنڈ بی ایل اے کاکمانڈراسلم اچھوہے ،قونصل خانے پرحملے میں استعمال کیا جانے والا اسلحہ کوئٹہ سے بذریعہ ٹرین کینٹ سٹیشن لایا گیا۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ دہشت گرد بلدیہ ٹاؤن میں ایک گھرمیں رکے اورحملے سے پہلے 4 ماہ تک ریکی کرتے رہے ،سہولت کارویزاسیکشن میں بیٹھ کرجائزہ لیتے رہے ،دہشت گرد قونصل خانے میں داخل ہوکرعملے کویرغمال بنانا چاہتے تھے ،کراچی سمیت پاکستان کاامن دشمن کوکھٹکتا ہے ،کراچی میں ہونے والے بڑے ایونٹس پربھارت میں پریشانی ہورہی ہے ،حملے کا مقصد سی پیک اورپاک چین دوستی میں بڑی دراڑ ڈالنا تھا۔۔ایڈیشنل آئی جی کراچی امیرشیخ نے بتایا کہ چینی قونصلیٹ پرحملے کی تحقیقات میں بہت سے نام سامنے آئے ہیں اور واقعے میں ملوث کئی ملزمان کو گرفتارکیا گیا ہے ۔حملے کے سہولت کار ملزمان مختلف وقتوں میں چینی قونصلیٹ میں آکرریکی کرتے رہے ۔کراچی پولیس چیف نے بتایا کہ حملے کی منصوبہ بندی اسلم اچھو گروپ نے افغانستان میں کی تھی جبکہ سہولت کار گرفتار ملزمان میں عبداللطیف، حسنین، عارف عرف نادر، ہاشم عرف علی اور اسلم مغیری شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی پہنچنے کے بعد اسلحہ بلدیہ ٹاؤن میں ایک گھرمیں رکھا گیا، گاڑی اوپن لیٹرپرتھی جس کی صورتحال سامنے ہے ،چینی قونصلیٹ پرحملے کا ماسٹر پلان افغانستان میں بنا۔ حملے کا ماسٹر مائنڈ اسلم عرف اچھو افغانستان میں مارا جاچکاہے ۔اسلم اچھو نے پہلے بھی اپنی موت کا ڈرامہ رچایا تھا،جب تک اسلم اچھو کی لاش نہیں ملتی یقین نہیں کر سکتے ۔ امان اﷲ اسلم اچھو کا رشتے دار ہے ،جس کو حملے کے لیے استعمال کیا گیا۔گرفتار ملزمان کے قبضے سے 3 کلاشنکوفیں، 3 دستی بم، 2 پستول، 2 راکٹ لانچر اورگولے ،ڈیڑھ کلو بارودی مواد ،بھاری مقدار میں گولیاں،لانچ کا ایک گئیربکس جس میں اسلحہ منتقل کیا گیا برآمد ہوئے ہیں۔امیرشیخ نے کہا کہ واقعے میں کسی سیاسی پارٹی کا کنکشن نہیں ملا، واقعہ بی ایل اے نے سر انجام دیا، حملہ بھارتی اسپانسرڈ واقعہ تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ علی رضا عابدی کیس میں 2، 3 پہلوؤں پرتفتیش جاری ہے ۔ جبکہ آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے پولیس پارٹی کے لیے 20 لاکھ روپے انعام دینے کااعلان کیاہے ۔