لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن (پسما )کے سیکرٹری جنرل کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ممبران شوگر ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ گزشتہ دنوں میں حکومت کی طرف سے دکانوں پر چینی کی فی کلو قیمت 70روپے مختص کی گئی ،اس غیر منصفانہ ریٹ کا اطلاق ناممکن ہے مگر پنجاب میں ضلعی انتظامیہ نے دکانداروں کو حراساں کر کے اس قیمت پر چینی بیچنے پر مجبور کیا اور یہاں تک کہ دکانداروں کو حراست میں لے لیا۔انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی سنجیدہ معاملہ شوگر ملز ایسوسی ایشن سے باہمی مشاورت کے بغیر ہی طے کر لیا گیا اور حکومت نے ہر گز یہ ضروری نہیں سمجھا کہ شوگر ملوں کو بھی اس معاملے میں شریک کر لیا جائے ۔اس یکطرفہ حکومتی فیصلے کے پیش نظر تمام مارکیٹ شدید اضطراب کا شکار ہے اور پرچون فروش بھی واویلہ مچا رہے ہیں اس بگڑتی ہوئی صورتحال کی بنیادی وجہ حکومت کی مارکیٹ سے بنیادی حقائق کی لاعلمی ہے جس کا خمیازہ ملز مالکان،دکاندار اور غریب عوام بھگت رہے ہیں حکومت سے اپیل ہے کہ ملز مالکان ،دکانداروں اور عوام کو درپیش مسائل کو مد نظر رکھے اورمعاملہ باہمی مشاورت سے حل کرے ۔