اسلام آباد(سپیشل رپورٹر، 92 نیوزرپورٹ ، مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے ہم نے انصاف کی تحریک چلائی اور یہ عزم کیا تھا کمزو رکو انصاف دلائیں گے کیونکہ انصاف تو چاہیے ہی کمزور کو ہوتا ہے ، طاقتور تو خود کو قانون سے بالا تر سمجھتاہے اور چاہتا ہے اسے این آر او مل جائے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پاکستان سٹیزن پورٹل کے تحت کاشتکاروں کیلئے مخصوص ’’کسان پورٹل ‘‘کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم نے کہا محنت کش طبقے کی مدد سے اللہ خوش ہوتا ہے ، چھوٹا کسان خوشحال ہوگا تو پیسہ بیرون ملک نہیں لے جائے گا، وہ لندن میں فلیٹ نہیں لے گا، کاشتکاروں کی خدمت ملک کی خدمت ہے ،کسانوں کو محنت کا پور معاوضہ دلائیں گے ،جتنا کسان خوشحال ہو گا ملکی خوشحالی بھی بڑھے گی۔کسان کارڈ سے چھوٹے کسانوں کو براہ راست سبسڈی ملے گی۔کسی آفت میں ان کی مددبھی کی جائے گی ۔ ایک سال میں ہمارا درآمدی بل53 فیصد بڑھا ہے ، روپے پر دبائو عارضی ہے ، بہت جلد ختم ہو جائے گا۔ زرعی ملک ہونے کے باوجود پچھلے سال40 لاکھ ٹن گندم درآمد کی گئی ، اسی طرح چینی، دالیں ، پام آئل اور ڈی اے پی درآمد کررہے جس کی وجہ سے ان کی قیمتیں بہت بڑھ گئی ہیں۔ سی پیک میں زراعت کو بھی شامل کیا گیا ہے ۔ بڑھتی آبادی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے زرعی پیداوار میں اضافہ ناگزیر ہے ۔وزیر اعظم نے چینی کی ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شوگر ملوں کی نگرانی کیلئے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کا نفاذ یقینی بنایا جائے تاکہ چینی کی اصل پیداوری مقدار کا پتہ چلایا جا سکے ،ناجائز منافع کمانے والے غریب عوام کے دشمن ہیں اور ریاست ان عناصر کیخلاف سخت کارروائی کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چینی کی قیمت فروخت اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار، مشیر احتساب شہزاد اکبر، معاون خصوصی شہباز گل اور سینئر افسران موجودتھے ۔ پنجاب کے وزیر صنعت اسلم اقبال اور چیف سیکرٹری ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے ۔ترجیحی شعبوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہابیرونِ ملک مقیم ہنر مند پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں،نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کی پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ،پاکستانی سفارتخانوں کو اس حوالے سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وفاقی وزراتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت اور وزارت اوور سیز کیساتھ تعاون سے ہنر مند افرادی قوت کی برآمد یقینی بنائیں۔اجلاس کو بیرونِ ملک افرادی قوت، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کیلئے انتظامی طریقہ کار سہل بنانے اور وزیرِ اعظم کے بیرونِ ملک دوروں کے دوران ہوئی مفاہمتی یادداشتوں پر پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔وزیراعظم سے ڈاکٹر صاحبزادہ ساجد الرحمان نے ملاقات کی،ملاقات میں وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری بھی شریک ہوئے ۔وزیراعظم نے کہارواں سال 12ربیع الاول مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و خروش سے منایا جائے گا۔وزیرِ اعظم سے وزیر زراعت پنجاب حسین جہانیاں گردیزی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب میں زراعت کی ترقی کیلئے اقدامات،ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان اور کسان کارڈ کے مثبت اثرات ، متعلقہ حلقے کے امور اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر گفتگوکی گئی ۔ وزیر اعظم سے سینیٹر ولید اقبال نے ملاقات کی ۔ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال خصوصا لاہور کے سیاسی مئظرنامے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیرِ اعظم سے رکنِ قومی اسمبلی اورنگ زیب خان کھچی نے ملاقات کی ۔ملاقات میں متعلقہ حلقے کے امور اورجاری ترقیاتی منصوبوں پر گفتگوکی گئی ۔ وزیرِ اعظم سے رکنِ قومی اسمبلی غوث بخش مہر نے ملاقات کی۔ملاقات میں سندھ کی سیاسی صورتحال، متعلقہ حلقے کے امور اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر گفتگوکی گئی۔ ملاقاتوں میں معاونِ خصوصی برائے سیاسی امور ملک عامر ڈوگر بھی شریک تھے ۔