گلگت،اسلام آباد(این این آئی)چینی امدادی اشیاء گلگت پہنچ گئیں، 2سعودی طیارے آج امداد لیکر پہنچیں گے ۔ میڈیا کے مطابق چین کے صوبہ سنکیانگ کے گورنر کی طرف سے گلگت بلتستان کے سیلاب متاثرین کے لئے امدادی اشیاء گلگت بلتستان پہنچ گئیں۔تفصیلات کے مطابق گورنر گلگت بلتستان نے متاثرین سیلاب کی مدد کے لئے گورنر صوبہ سنکیانگ کو خط کے ذریعے درخواست کی تھی۔اس سلسلے میں گورنر صوبہ سنکیانگ نے حکومت چین کی طرف سے نان فوڈ اشیاء کے 2 کنٹینرز گلگت بلتستان پہنچا دیئے ہیں۔دوسری جانب سعودی عرب نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لئے قومی مہم کا آغاز کردیا۔ سفارتخانے کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان کے مطابق پاکستان میں سعودی عرب کے کنگ سلمان مرکز برائے امداد کے ترجمان ڈاکٹر سامر الجطیلی نے کہا ہے کہ پاکستان کے لیے ہوائی راستے سے ’’ایمرجنسی ریلیف’’دو طیاروں کے ساتھ (آج) منگل کو شروع کیا جائے گاجس میں پناہ گاہیں،خوراک اور طبی امدادی سامان موجود ہے ۔